لندن: برطانیہ نے کورونا وائرس کے کیسز میں غیر معمولی اضافے کے بعد بھارت کو بھی سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ میں شامل کر دیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ کے وزیر صحت میٹ ہینکک نے کہا کہ بھارت کو ریڈ لسٹ والے ممالک میں شامل کیا گیا ہے، لسٹ میں شامل ممالک سے سوائے برطانوی اور آئرش شہریوں کے تمام لوگوں کی برطانیہ آمد پر پابندی ہو گی۔
برطانوی وزیر صحت کے مطابق برطانوی اور آئرش شہری ان ممالک سے آمد کے بعد حکومت کی جانب سے منظور شدہ ہوٹلز میں 10 دن تک قرنطینہ میں رہیں گے جس کے اخراجات وہ خود ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت پر پابندی کا اطلاق جمعہ (23 اپریل) سے ہو گا۔ اس سے قبل کورونا وائرس کے حالیہ پھیلا کے پیش نظر برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے اپنا دورہ بھارت بھی منسوخ کر دیا تھا۔
دوسری جانب بھارت میں کورونا وائرس سے اموات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور قبرستانوں اور شمشان گھاٹوں میں جگہ کم پڑنے لگی ہے۔
بھارت میں کورونا متاثرین کی تعداد ایک کروڑ 53 لاکھ 14 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 1761 افراد کی ہلاکت کے بعد مہلک وائرس سے اموات کی تعداد ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
منگل کو بھارتی وزارت صحت کے اعدادوشمار کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں کورونا کے ریکارڈ دو لاکھ 59 ہزار سے زائد نئے کیس سامنے آئے۔
اس وقت بھارت میں فعال کیسز کی تعداد 20 لاکھ 30 ہزار 944 ہے اور کورونا مریضوں کے اعتبار سے بھارت دنیا کا دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ایکٹیو کیسز کی شرح 12.81 فیصد اور اموات کی شرح 1.19 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔