اسلام آباد: جاری مالی سال 2020-21ء کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران ٹیکسٹائل گروپ کی برآمدات میں 9 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال میں جولائی تا مارچ 2021ء کے دوران پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات کا حجم 11 ارب 35 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک بڑھ گیا۔
گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے پہلے 9 ماہ (جولائی تا مارچ) کے دوران ٹیکسٹائل گروپ کی برآمدات سے پاکستان کو 10 ارب 41 کروڑ 20 لاکھ ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا تھا، اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران ٹیکسٹائل برآمدات میں 9.06 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
پاکستان کا تجارتی خسارہ 20 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا
برآمدات میں 7 فیصد اضافہ، حجم 18 ارب ڈالر سے متجاوز
مارچ میں درآمدات میں 71 فیصد اضافہ، حجم پانچ ارب 66 کروڑ ڈالر رہا
پی بی ایس کے مطابق فروری 2021ء کے مقابلہ میں مارچ 2021ء کے دوران ٹیکسٹائل گروپ کی برآمدات میں 9.85 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور فروری 2021ء کی ایک ارب 23 کروڑ 40 لاکھ ڈالر برآمدات کے مقابلہ میں مارچ 2021ء کے دوران برآمدات کا حجم ایک ارب 35 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک بڑھ گیا۔
اسی طرح سالانہ اعتبار سے مارچ 2020ء کے مقابلہ میں مارچ 2021ء کے دوران بھی ٹیکسٹائل گروپ کی ملکی برآمدات میں 30.38 فیصد نمایاں اضافہ ہوا، مارچ 2020ء کے دوران ٹیکسٹائل برآمدات کا حجم ایک ارب تین کروڑ 90 لاکھ ڈالر ریکارکیا گیا تھا۔
رواں سال کپاس کی مقامی پیداوار میں کمی کی وجہ سے جولائی سے مارچ 2021ء کے دوران خام کاٹن کی برآمدات میں 96.51 فیصد کمی ہوئی اور اس کا حجم پانچ لاکھ 93 ہزار ڈالر رہا جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں ایک کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی خام کاٹن برآمد کی گئی تھی۔ فروری اور مارچ کے دوران خام کاٹن کی برآمدات نا ہونے کے برابر تھیں۔
رواں مالی سال کے 9 ماہ کے دوران سوتی دھاگے کی برآمدات میں 12.03 فیصد کمی دیکھنے میں آئی، جولائی تا مارچ 2021ء کے دوران 72 کروڑ 12 لاکھ 12 ہزار ڈالر کا سوتی دھاگا برآمد کیا گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 81 کروڑ 98 لاکھ 8 ہزار ڈالر کا سوتی دھاگا برآمد کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ رواں مالی سال کے دوران مجموعی قومی برآمدات میں 7.14 فیصد اضافہ ہوا ہے اور جولائی تا مارچ 2021ء کے دوران برآمدات کی مالیت 18 ارب 68 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تک بڑھ گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں برآمدات کا حجم 17 ارب 44 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہا تھا۔