کراچی: جاری مالی سال 2020-21ء کے ابتدائی 9 ماہ (جولائی تا مارچ) کے دوران ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کو ڈیڑھ ارب روپے کی اضافی آمدن حاصل ہوئی ہے۔
مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں کی آمدن گزشتہ مالی سال کے مجموعی منافع ایک ارب 40 کروڑ روپے سے زیادہ ہے، یوں جاری مالی سال کے اختتام تک ٹی سی پی کا منافع دو ارب روپے سے تجاوز کرنے کا امکان ہے۔
چئیرمین ٹریڈنگ کارپوریشن ڈاکٹر ریاض احمد میمن کی صدارت میں ہونے والے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 347ویں اجلاس میں کارپوریشن کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور بورڈ نے مالی سال 2020-21ء کے دوران چینی اور گندم درآمد کرنے کے حوالے سے کارپوریشن کی کارگردگی کو سراہا۔
وفاقی حکومت کی ہدایات پر ٹریڈنگ کارپوریشن مقامی مارکیٹ میں طلب اور کھپت کو پورا کرنے کے لیے چینی اور گندم سمیت دیگر ضروری اجناس درآمد کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
مہنگی بولی کے باعث گندم اور چینی کی درآمد کے ٹینڈر منسوخ
’چینی کی پیداواری لاگت 105 روپے، 80 روپے کلو نہیں بیچ سکتے‘
بورڈ کو بتایا گیا کہ ٹی سی پی نے مالی سال 2020-21ء کے دوران 1.7 ملین میٹرک ٹن گندم اور 0.13 میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے ٹاسک خوش اسلوبی سے پورا کیا ہے جبکہ مجموعی طور پر 34 بحری جہازوں میں سے کسی بھی بحری جہاز کو آف لوڈ کرنے میں تاخیر نہیں ہوئی۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ مختلف ایجنسیوں سے چینی کی مد میں 8.55 ارب روپے اور گندم کی مد میں 74.4 ارب روپے ریکور کر لیے گئے ہیں یوں واجب الادا رقم میں سے 92 فیصد یا 83 ارب روپے کی وصولی ہو چکی ہے جبکہ بقیہ کے 8 فیصد رقم جلد وصول کر لی جائے گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ بینکنگ اخراجات کی مد میں فنڈز کی قابلِ ذکر بچت کے طور پر مختصر وقت میں ریکارڈ ریکوری ہوئی ہے، مزید برآں درآمدی تناظر میں خریداری کا پورا عمل شفاف رہا اور اب تک کسی بھی سٹیک ہولڈر سے کسی طرح کی شکایت موصول نہیں ہوئی۔
بورڈ نے بہترین کارکردگی کو مدِنظر رکھتے ہوئے ٹی سی پی کے تمام ملازمین کو بونس کے طور پر ایک اضافی تنخوا دینے کی منظوری دی ہے جو عید الفطر سے قبل ادا کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی اور گندم کی کامیاب درآمد کے بعد ای سی سی کی ہدایات پر ٹی سی پی 0.3 ملین ٹن مزید گندم اور 50 ہزار ٹن چینی درآمد کر رہی ہے، ٹی سی پی نے ٹینڈر کے ذریعے اگست 2021ء میں ڈلیوری کا ٹھیکہ دے رکھا ہے جبکہ چینی کا ٹینڈر رواں ہفتے جاری ہونے کا امکان ہے۔