کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے کے چھ شہروں کیلئے 250 برقی بسیں خریدنے کی منظوری دے دی۔
سندھ کابینہ کا اجلاس گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِصدارت منعقد ہوا جس میں 23 نکاتی ایجنڈہ زیر بحث آیا۔
اجلاس کے دوران مردم شماری کے مسئلے کو پارلیمنٹ میں لے جانے، 250 برقی بسوں کی خریداری، سندھ سالڈ مینجمنٹ کی ڈویژنل سطح پر منتقلی اور گندم کی فروخت کے لیے فارم 7 مرتب کرنے کی شرط واپس لینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے:
پاکستان کی پہلی برقی بس کراچی کی سڑکوں پر رواں دواں
برقی گاڑیوں کی عالمی مارکیٹ پر اجارہ داری کیلئے دو کمپنیاں مدمقابل
اجلاس کے دوران وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ اویس قادر شاہ نے صوبائی کابینہ کو بریفنگ دی کہ ان کا محکمہ سندھ کے بین الصوبائی عوامی بس سروس پروجیکٹ کے تحت 250 برقی بسیں خریدنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ بسیں کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپور خاص اور شہید بینظیرآباد میں چلائی جائیں گی، اس منصوبے پر 8 ارب روپے لاگت آئے گی جبکہ محکمہ ماس ٹرانزٹ نے اس حوالے سے پروفیشنل کنسلٹنٹ کی خدمات بھی حاصل کر لی ہیں۔
کابینہ نے تجویز کی منظوری دیتے ہوئے محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ کو برقی بسیں خریدنے کا حکم دے دیا، وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے منصوبے کو ایک اچھی پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس مقصد کے لیے محکمے کو ضروری فنڈز فراہم کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سندھ کے محکمہ ٹرانسپورٹ نے پاکستان کی پہلی برقی بس سروس کراچی میں شروع کی تھی جس پر وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے بھی سندھ حکومت کو مبارک باد دی تھی۔
فواد چودھری نے کہا تھا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی سندھ حکومت کو اس انقلابی منصوبے کیلئے ہر لحاظ سے مدد فراہم کرے گی، انہوں نے امید ظاہر کی تھی کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی حکومتیں بھی عوامی سفر کے اس منصوبے پر جلد کام کریں گی۔