اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ہر سال ساڑھے پانچ ارب روپے کے 70 ہزار وظائف دے گی، پنجاب اور خیبر پختونخوا کی حکومتیں بھی ہر سال 15، 15 ہزار سکالرشپس دیں گی۔
جمعرات کو ’رحمت العالمین سکالرشپ پروگرام‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سکالرشپ متعارف کرانے پر وہ پنجاب حکومت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب نے اس میں ذاتی دلچسپی لی، اب خیبرپختونخوا اور وفاقی حکومتیں بھی اس پروگرام پر عمل کر رہی ہیں، خواہش ہے کہ سب صوبے مل کر اس پروگرام کو چلائیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام نے حصول علم کو عبادت کا درجہ دیا اور اس لئے صدیوں تک دنیا کے کئی نامور سائنسدان مسلمان ہی تھے اور ہر شعبہ میں مسلمانوں نے قیادت کی، جب کفار کے قیدی پکڑے گئے تو ان کے ایک قیدی کی واپسی کے بدلے 10 مسلمانوں کو پڑھانے کی شرط رکھی گئی اور علم کو ترجیح دی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ وظائف صرف مسلمانوں کے لئے نہیں بلکہ ملک میں کسی بھی مذہب کے طلباء مستفید ہو سکتے ہیں، یہ سکالرشپ میرٹ پر دیئے جائیں گے اور آن لائن درخواستیں وصول کی جائیں گی، پاکستان میں کبھی کسی حکومت نے اس طرح کے وظائف نہیں دیے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت ہر سال ساڑھے پانچ ارب روپے کے 70 ہزار وظائف دے گی، پانچ سال اس پروگرام کے تحت 28 ارب روپے کے ساڑھے تین لاکھ سکالرشپ دیئے جائیں گے۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی حکومتیں بھی ایک ایک ارب روپے سے 15،15 ہزار سکالرشپس دیں گی، اس طرح پانچ سالوں میں دونوں صوبوں میں 75، 75 ہزار وظائف دیئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سکالرشپ پروگرام پاکستان کی 129 پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں شروع کیا جا رہا ہے، فلاحی ریاست میں تعلیم کو بنیادی حیثیت حاصل ہوتی ہے، سکالرشپ کم آمدنی والے گھرانوں کے طلباء کو دیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ تعلیم سے ہی قومیں ابھرتی ہیں اور کسی بھی معاشرے میں جب تک قانون کی حکمرانی نہ ہو وہ معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، غریب آدمی جتنی بھی چوری کر لے وہ لندن میں جائیداد نہیں خرید سکتا جبکہ امیر اور کرپٹ لوگ نہ صرف ملکی دولت لوٹتے ہیں بلکہ اسے بیرون ملک منتقل کر کے دوہرا نقصان کرتے ہیں۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ وظائف کا مقصد محروم طلباء کو معاشی سپورٹ فراہم کرنا ہے، وظائف کے منصفانہ اور شفاف تقسیم کے لئے ویب پورٹل لانچ کیا گیا ہے، طلباء گھر بیٹھے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ صوبہ میں ہائیرایجوکیشن کمیشن کے تحت 34 کروڑ روپے کا سکالرشپ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا میں مختلف سطح پر صوبائی حکومت تعلیمی وظائف پہلے بھی فراہم کر رہی ہے، رحمت اللعالمین سکالرشپ پروگرام میں صوبائی حکومت بھی حصہ ڈالے گی۔