پشاور: خیبرپختونخوا ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے موجودہ ٹیکس دہندگان پر اضافی بوجھ ڈالنے کی بجائے ٹیکس نیٹ میں نئے ریٹنگ ایریاز شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ ایکسائز نے جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ کی کارکردگی اور محکمے میں حالیہ اصلاحات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔
ذرائع کے مطابق صوبائی محکمہ ایکسائز نے موجودہ ٹیکس دہندگان پر ٹیکس کا اضافی بوجھ ڈالنے کی بجائے ای ٹی اوز کو ٹیکس نیٹ میں توسیع دینے کے ذریعے نئے ریٹنگ ایریاز کو شامل کرنے اور ریکوری کا عمل بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کے معاونِ خصوصی برائے ایکسائز سید غازی غزن جمال اور سید حیدر اقبال، سیکرٹری ایکسائز اور ایکسائز ڈائریکٹریٹ جنرل نے اجلاس میں آن لائن شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیے:
خیبر پختونخوا، ہائوسنگ سوسائٹیوں کیلئے نئے قواعد و ضوابط جاری
خیبر پختونخوا حکومت کا ایشیائی ترقیاتی بینک سے 99 ارب روپے قرض لینے کا فیصلہ
اجلاس میں بہترین کارکردگی دکھانے والے ڈائریکٹرز اور ای ٹی اوز کی کوششوں کو سراہا گیا اور دیگر حکام کو ہدف پورا کرنے کے لیے 15 روز کی ٹائم لائن دی گئی اور ریونیو ریکوری بہتر کرنے کے لیے ہدف مقرر کیے گئے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ شہریوں کو سہولت اور شفافیت کے لیے گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے سینٹرلائزڈ کمپویٹر سافٹ وئیر سسٹم پر کام جاری ہے، دیگر ٹیکس اکٹھا کرنے کے عمل کو بھی تیز کیا جائے گا۔ پاکستان سیٹیزن پورٹل پر محکمے کے خلاف موصول ہونے والی شکایت پر بھی جلد از جلد کارروائی کی جائے گی۔