اسلام آباد: پاکستان میں تعینات اٹلی کے سفیر آندریاس فریریس نے کہا ہے کہ اٹلی کی معروف توانائی و گیس کمپنی ‘سنام ایس پی اے’ پاکستان میں توانائی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے لئے گہری دلچسپی رکھتی ہے۔
گزشتہ روز سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اطالوی سفیر نے کہا کہ مذکورہ کمپنی مستقبل قریب میں پاکستان کا دورہ کرنے والی اُن اطالوی کمپنیوں میں شامل ہونے کا ارادہ رکھتی ہے جنہوں نے پاکستان میں توانائی کے شعبے تقریباََ 1.5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔
سفیر نے بتایا کہ سنام ایس پی اے (Snam SpA) ایک اطالوی توانائی انفراسٹرکچر کمپنی ہے جو اس شعبے میں مقامی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے توانائی کے شعبے بالخصوص سی این جی اور مائع قدرتی گیس (ایل این جی) میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے۔
اطالوی سفیر کا کہنا تھا اسنام کے مارکیٹ سرمایے کا مجموعی حجم 15.4 ارب یورو ہے جو اصل میں اطالوی توانائی کمپنی ای این ائی کا ذیلی ادارہ ہے۔ یہ یورپ کی ریگولیٹڈ گیس کمپنیوں میں سے ایک ہے۔
سفیر آندریاس فریریس نے کہا کہ اقتصادی ترقی کے لئے اٹلی پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے لئے پرعزم ہے۔ سبز معیشت، ٹیکسٹائل اور زراعت، تعمیرات، تعلیم اور صحت جیسے شعبوں کے لئے ٹیکنالوجی کی منتقلی کیلئے بھی تیار ہیں۔
اطالوی سفیر نے مزید کہا کہ سبز معیشت کے شعبے میں اٹلی ماحولیاتی تحفظ اور بحالی، وسائل کی بچت اور بہتر انتظام، پانی کے تحفظ اور قدرتی آفات سے بچائو کے لئے پاکستان کے ساتھ تعاون کرنا چاہتا ہے۔