قبضہ مافیا کیخلاف شکایت درج کرانے کیلئے سیٹیزن پورٹل پر خصوصی کیٹگری الاٹ

قبضہ مافیا کیخلاف کارروائی نہ کرنے پر افسران کا احتساب ہو گا، پورٹل پر تارکین وطن پاکستانیوں کی شکایات ترجیح بنیادوں پر حل ہوں گی

584

اسلام آباد: قبضہ مافیا کے خلاف شکایت درج کرانے کیلئے پاکستان سیٹیزن پورٹل پر خصوصی کیٹگری الاٹ کر دی گئی جس کی بدولت قبضہ مافیا سے متعلق شکایات بآسانی متعلقہ حکام تک پہنچائی جا سکیں گی۔

پرائم منسٹر ڈیلیوری یونٹ (پی ایم ڈی یو) سے جاری تفصیلات کے مطابق قبضہ مافیا سے متعلق خصوصی کیٹگری کا اعلان وزیراعظم عمران نے 4 اپریل کو عوامی رابطے کے پروگرام میں کیا تھا۔

پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کی جانب سے تمام صوبائی چیف سیکرٹریز، آئی جی پولیس، چیف کمشنر اسلام آباد اور چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔

مراسلے کے مطابق تمام چیف سیکرٹریز متعلقہ محکموں کے افسران، کمشنرز، ڈی آئی جیز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کو معاملے کی سنگینی پر خصوصی ہدایات دیں گے۔

مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ قبضہ مافیا سے متعلق وہ شکایات جو کسی بھی عدالت میں زیر سماعت ہوں ان پر کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی، نجی اراضی کے معاملات میں دونوں اطراف کی شنوائی ضروری ہو گی، قبضہ مافیا سے متعلق کی گئی شکایات پر کارروائی کی مد میں تمام چیف سیکرٹریز کی جانب سے سہ ماہی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی جائے گی جبکہ قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر افسران کا احتساب کیا جائے گا۔

مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام سے جہاں نجی اراضی پر قبضہ کا خاتمہ ہو گا وہاں سرکاری اراضی بھی قابضین سے واگزار کرائی جا سکے گی۔ اس پورٹل پر پاکستانی تارکین وطن کی شکایات ترجیح بنیادوں پر حل ہوں گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here