اسلام آباد: پاکستان اور چین، ہانگ کانگ، جاپان، جنوبی کوریا سمیت دیگر مشرقی ایشیائی ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم میں جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 19.62 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
جاری مالی سال میں ان ممالک کو پاکستانی برآمدات میں معمولی کمی جبکہ درآمدات میں اضافہ کا رحجان دیکھنے میں آیا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں چین، ہانک کانگ، جاپان، جنوبی کوریا اور مشرقی ایشیا کے دیگر ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 1.608 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔
یہ شرح گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے ابتدائی 8 ماہ کے مقابلہ میں 0.70 فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مشرقی ایشیائی ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 1.620 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
فروری 2021ء میں مشرقی ایشیائی ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 13 کروڑ 36 لاکھ 90 ہزار ڈالر رہا جو گزشتہ سال فروری کی 11 کروڑ 54 لاکھ 80 ہزار ڈالر برآمدات سے 15.76 فیصد زیادہ رہیں۔
مالی سال 2020ء میں مشرقی ایشیا کے ممالک کو پاکستانی برآمدات کا مجموعی حجم 1.663 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
سٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لیکر فروری 2021ء تک کی مدت میں چین، ہانک کانگ، جاپان، جنوبی کوریا اور دیگر مشرقی ایشیائی ممالک سے درآمدات کا حجم 9.943 ارب ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کی 8.033 ارب ڈالر درآمدات سے 23.77 فیصد زیادہ ریکارڈ کی گئیں۔
فروری 2021ء میں مشرقی ایشیائی ممالک سے درآمدات کا حجم 1.356 ارب ڈالر رہا جبکہ گزشتہ سال فروری میں ان ممالک سے درآمدات کا حجم 739.40 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔