دوحہ: انٹر نیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (ایاٹا) کے مطابق مشرق وسطیٰ کی فضائی کمپنیوں کو سال 2020ء کے دوران 7.1 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔
ایاٹا کے ڈیٹا کے مطابق اس مدت کے دوران مشرق وسطیٰ کی ایئرلائنز کو فی مسافر 68.47 ڈالر کا نقصان ہوا اور 2019ء کے مقابلے میں اس دوران ایئر ٹریفک 20 فیصد سے بھی کم رہی۔
یہ بھی پڑھیے:
دنیا کا چوتھا مصروف ترین ائیرپورٹ ٹاپ 20 سے بھی باہر ہو گیا
جرمن ائیرلائن لفتھانسا کو سال 2020ء کے دوران 6.7 ارب یورو خسارہ
عرب نیوز کے مطابق ایاٹا کا کہنا ہے کہ جنوری 2020ء کے دوران ایئر ٹریفک جنوری 2019ء کے مقابلے میں 82.3 فیصد کم رہی۔ کورونا وبا کی وجہ سے جاری بحران نے 17 لاکھ ملازمتوں اور 105 ارب ڈالرز کی مجموعی قومی پیداوار کو خطرے میں ڈالا۔
ایسوسی ایشن نے خطے کی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ کووڈ کے بعد کے لیے فضائی انڈسٹری کے ری سٹارٹ کا پلان بنائیں اور اس پر موثر طریقے سے عمل درآمد کے لیے آپس میں کوآرڈی نیشن بہتر کریں۔
ایاٹا کے مطابق خطے کی ایئرلائنز نے سال 2020ء کے دوران 4.8 ارب ڈالر حکومتی امداد کی مد میں حاصل کیے جن میں سے 4.1 ارب ڈالر کیش انجکشن کے طور دیے گئے۔ اس کے باوجود کئی ایئرلائنز دیوالیہ ہونے کے خطرے سے دوچار رہیں۔