جرمن ائیرلائن لفتھانسا کو سال 2020ء کے دوران 6.7 ارب یورو خسارہ

کورونا وائرس کی صورت حال بہتر ہونے کے باوجود فضائی سرگرمیاں 40 فیصد تک بحال ہو سکیں، مسافروں کی تعداد 2019ء کی سطح پر پہنچنے میں مزید چار سال لگیں گے: لفتھانسا

719

برلن: جرمنی کی فضائی کمپنی لفتھانسا ایئر نے کہا ہے کہ سال 2020ء کے دوران اسے 6.7 ارب یورو خسارہ ہوا ہے جس کی وجہ کورونا لاک ڈائون کے باعث سفری پابندیاں ہیں۔

کمپنی کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق کورونا وائرس لاک ڈائون سے 2020ء کے دوران اس کی فضائی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئیں جس سے اسے 6.7 ارب یورو کا ریکارڈ خسارہ ہوا۔

لفتھانسا کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی صورت حال بہتر ہونے کے باوجود اس کی فضائی سرگرمیاں رواں سال بڑھ کر وبا سے پہلے کے 40 سے 50 فیصد تک پہنچ سکیں گی جبکہ مکمل بحالی کے لیے طویل راستہ طے کرنا ہو گا۔

یہ بھی پڑھیے:

دنیا کا چوتھا مصروف ترین ائیرپورٹ ٹاپ 20 سے بھی باہر ہو گیا

کورونا وائرس، 2020ء کے دوران برٹش ایئر ویز کو 8.4 ارب ڈالر خسارہ

یورپی ایئرپورٹس سے مسافروں کی آمدورفت میں ایک ارب 72 کروڑ کمی

لفتھانسا کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد میں بھی خاطر خواہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور ائیرلائن کا کہنا ہے کہ اس کے  مسافروں کی تعداد 2019ء کی سطح پر واپس 2025ء تک پہنچ سکے گی۔

وبا کے باعث عالمی سفری پابندیوں اور مسافروں کی تعداد میں کمی کی وجہ سے کئی چھوٹی ائیرلائنز خسارے کی تاب نہ لاتے ہوئے دیوالیہ ہو چکی ہیں جبکہ اکثر بڑی ائیرلائنز اربوں ڈالر خسارے کے باعث دیوالیہ پن کے قریب پہنچ چکی ہیں، بیشتر فضائی کمپنیوں نے ہزاروں ملازمین کو فارغ کر کے اخراجات میں کمی لانے کی اپنی سی کوشش کی ہے۔

اس سے قبل برطانیہ کی سب سے بڑی فضائی کمپنی برٹش ایئرویز کو سال 2020ء کے دوران 6.9 ارب یورو یعنی 8.4 ارب ڈالر خسارہ ہوا تھا اور سال 2020ء کے دوران اس کے مسافروں کی تعداد سال 2019ء کے مقابلے میں 33.5 فیصد کم ہوئی جبکہ آمدنی سالانہ بنیاد پر قریباََ 70 فیصد کم ہو کر 7.8 ارب یورو رہی جبکہ اس کی استعداد 25.5 ارب یورو ہے۔

اسی طرح کورونا وبا کے باعث مسافروں کی تعداد میں نمایاں کمی اور سفری بندشوں کے باعث برطانیہ کے ہیتھرو ایئرپورٹ کو سال 2020ء کے دوران دو ارب ڈالر ٹیکس خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔

ہیتھرو ایئرپورٹ دنیا کا مصروف ترین ہوائی اڈہ ہے، 2019ء میں اسے 54 کروڑ 60 لاکھ ڈالر قبل از ٹیکس ریکارڈ منافع حاصل ہوا تھا، سال2020ء سے قبل آخری بار 1970ء کی دہائی میں مسافروں کی تعداد میں کمی دیکھنے میں آئی تھی۔

یاد رہے کہ یورپی یونین کی ایئرپورٹس کونسل نے حال ہی میں کہا تھا کہ یورپی ایئرپورٹس سے مسافروں کی آمدورفت میں واضح کمی ہوئی ہے اور سال 2020ء کے دوران ان ایئرپورٹس سے سفر کرنے والوں کی تعداد 2019ء کے مقابلے میں ایک ارب 72 کروڑ (70 فیصد) کم رہی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here