کراچی: یونائٹڈ نیشن گلوبل کمپیکٹ (یو این جی سی) کے اصولوں کی پاسداری اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے فروغ کے اعتراف میں اینگرو کارپوریشن کو لارج نیشنل کیٹگری میں مسلسل تیسرے سال اقوامِ متحدہ کے گلوبل کمپیکٹ بزنس سسٹین ایبلٹی ایوارڈ 2020ء سے نوازا گیا ہے۔
اس حوالے سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اینگرو کو یہ ایوارڈ گلوبل کمپیکٹ نیٹ ورک پاکستان کے زیرِ اہتمام ‘لیونگ دی گلوبل کمپیکٹ بیسٹ پریکٹسز سسٹین ایبلٹی ایوارڈز’ کی تقریب میں دیا گیا۔
یہ ایوارڈ گورننس، انسانی حقوق، مزدوروں کے حقوق، ماحولیات اور انسدادِ بدعنوانی کے شعبوں میں یو این جی سی کے اصولوں پرعمل پیرا ہونے کے اینگرو کے مسلسل عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔
اینگرو کارپوریشن نے سماجی بہبود کے حوالے سے کام کرنے والے اپنے ادارے اینگرو فاﺅنڈیشن کے ذریعے ایک جامع ماڈل کے تحت کم آمدن والے افراد پر توجہ مرکوز کی ہے اور معاشرے کے پسماندہ افراد کو اینگرو کی کاروباری چین میں دکاندار، صارف یا ملازم کے طور پر روزگار فراہم کیا ہے۔
اس کے علاوہ اینگرو فاﺅنڈیشن کی اسٹریٹجک کمیونٹی سرمایہ کاری ملک بھر میں پسماندہ طبقے کو معیاری تعلیم، صحت اور معاش کی فراہمی کیلئے مختص کی گئی ہے۔
ایوارڈ کے حصول پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے اینگرو فاﺅنڈیشن کے سربراہ فواد سومرو نے کہا کہ مسلسل تیسرے سال یو این جی سی ایوارڈ ملنا اینگرو کیلئے اعزاز ہے جو یو این جی سی کے اصولوں کو برقرار رکھنے کے ہمارے عزم کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کووڈ کے بعد کی دنیا میں ہم اپنے مخصوص کاروباری نقطہ نظر کے ساتھ معاشرے میں دیرپا ترقی اور معاشی اثرات پیدا کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔