پٹرولیم مصنوعات کے بعد ایل پی جی کی قیمت میں بھی کمی

ایل پی جی کی قیمت میں 14 روپے فی کلو کمی کے بعد گھریلو سلنڈر 166 روپے اور کمرشل سلنڈر 640 روپے سستا ہو گیا

515

کراچی: حکومت نے اپریل 2021ء کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں 14 روپے فی کلو کمی کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔

اس حوالے سے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ایل پی جی کی قیمت میں 14 روپے فی کلو کمی کے بعد گھریلو سلنڈر کی قیمت میں مجموعی طور پر 166 روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 640 روپے کمی ہو گی۔

سرکاری پیداواری قیمت بھی 12 ہزار 48 روپے فی میٹرک ٹن تک کم ہو گئی ہے اور اَب ایل پی جی 160 روپے فی کلو کی جگہ 146 روپے فی کلو میں فروخت ہو گی۔ نئی قیمتوں کے بعد گھریلو سلنڈر 1885 روپے کی بجائے 1719 روپے اور کمرشل سلنڈر 7252 روپے کی بجائے  6612 روپے میں دستیاب ہو گا۔

ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں غیر معیاری سلنڈر سر عام فروخت ہو رہے ہیں اور غیر معیاری سلنڈر سے روزانہ دو سے تین معصوم جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے، ابھی تک حکومت نے اس پر قابو نہیں پایا۔ غیرمعیاری سلنڈر بنانے والے کارخانوں کو فوری بند کیا جائے اور ملک بھر میں غیر معیاری سلنڈر کی خریدوفرخت کو روکا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت آٹو گیس کی پالیسی میں نرمی اور اسے مکمل طور پر لیگل کرے کیونکہ ایل پی جی پٹرول اور ڈیزل کے مقابلے میں 50 سے 60 فیصد سستا اور ماحول دوست ایندھن ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے، وزارت خزانہ کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 1.55 روپے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے، کیروسین آئل کی قیمت میں 1.55 روپے، اور لائیٹ ڈیزل کی قیمت میں 1.56 روپے فی لٹر کمی کی گئی ہے۔

اعلامیہ کے مطابق پٹرول کی نئی قیمت 110.35 روپے، ہائی سپیڈ ڈیزل 113.08 روپے، کیروسین آئل 82.06 روپے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت 79.86 روپے فی لٹر ہو گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here