لاہور: تابش گوہر کو وزیراعظم کا مشیر برائے پیٹرولیم ڈویژن تعینات کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر سابق مشیر برائے پیٹرولیم ندیم بابر اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے، وفاقی حکومت کی جانب سے ان کی برطرفی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ ندیم بابر کی جگہ تابش گوہر کو مشیر پیٹرولیم ڈویژن کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔
گزشتہ سال جون 2020ء میں پیٹرول بحران کے نتیجے میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو انکوائری کا ٹاسک دیا گیا تھا ایف آئی اے کی انکوائری رپورٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کے بحران کی وجوہات کا باریک بینی سے تجزیہ کیا گیا اور غیر قانونی تیل کی فروخت کو بھی رپورٹ میں سامنے لایا گیا۔
انکوائری رپورٹ میں وزیراعظم کو آئل مارکیٹنگ کمپنیز (او ایم سیز) کے خلاف بھی کارروائی کرنے اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو تحلیل کرنے کی سفارشات کی گئی تھیں۔
تابش گوہر کی مشیر پیٹرولیم تعیناتی کے فیصلے کے علاوہ وفاقی کابینہ میں ردوبدل کی گئی ہے۔
یہ واضح رہے کہ تابش گوہر وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے توانائی کام کر رہے تھے۔