8 ماہ کے دوران فارما سیوٹیکلز کی برآمدات میں 23.3 فیصد اضافہ

533

اسلام آباد: رواں مالی سال 2020-21ء کے پہلے 8 ماہ کے دوران فارما سیوٹیکلز کی برآمدات میں 23.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا فروری 21-2020ء کے دوران فارماسیوٹیکل برآمدات کا حجم 18 کروڑ 41 لاکھ 35 ہزار ڈالر تک بڑھ گیا۔

گزشتہ مالی سال میں جولائی تا فروری 20-2019ء کے دوران فارما سیوٹیکلز کی برآمدات سے 14 کروڑ 95 لاکھ 44 ہزار ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران فارما سیوٹیکلز کی قومی برآمدات میں تین کروڑ 45 لاکھ 91 ہزار ڈالر یعنی 23 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس دوران بالحاظ وزن بھی برآمدات میں 20.02 فیصد اضافہ سے برآمدات کا وزن 10 ہزار 692 میٹرک ٹن کے مقابلہ میں 12 ہزار 833 میٹرک ٹن تک پہنچ گیا۔

ادھر فروری 2020ء کے مقابلہ میں فروری 2021ء کے دوران فارما سیوٹیکلز کی برآمدات 11.77 فیصد اضافہ ہوا، فروری 2020ء کی دو کروڑ تین لاکھ ڈالر مالیت کی برآمدات کے مقابلہ میں فروری 2021ء کے دوران دو کروڑ 26 لاکھ 92 ہزار ڈالر تک بڑھ گئیں۔

اس طرح جنوری 2021ء کے مقابلہ میں فروری 2021ء کے دوران بھی فارما سیوٹیکلز کی ملکی برآمدات میں 0.64 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ جنوری 2021ء میں برآمدات سے دو کروڑ 25 لاکھ 47 ہزار ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا جبکہ فروری 2021ء کے دوران زرمبادلہ کا حصول دو کروڑ 26 لاکھ 92 ہزار ڈالر تک بڑھا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here