اسلام آباد: وفاقی حکومت کا اپریل کے پہلے ہفتے کے دوران اضافی ٹیلی کام سپیکٹرم کی نیلامی کے لیے معلوماتی میمورینڈم جاری کرنے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرخزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیرِصدارت آئندہ ہفتے نیلامی کی مشاورتی کمیٹی کا تیسرا اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں اضافی سپیکٹرم کی نیلامی سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی۔
بعدازاں، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) ٹیلی کام سپیکٹرم کی نیلامی کے لیے معلوماتی میمورینڈم جاری کرے گی جس کے پیش نظر پی ٹی اے فریقین کو مذکورہ میمورینڈم کے خلاف اپنے جوابات جمع کرانے کے لیے ایک ماہ کا وقت دے گی۔
پی ٹی اے نے ملک میں بقیہ کی 4جی اور 3جی سروسز کے سپیکٹرم کی نیلامی سے متعلق ایک بین الاقوامی کنسلٹنٹ کا انتخاب کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
ٹیلی کام سیکٹر کو صنعت کا درجہ دینے کی منظوری، 40 ٹیکنالوجی پارک قائم کیے جائیں گے
دور دراز علاقوں میں انٹرنیٹ سروس فراہمی کیلئے 8.15 ارب مالیت کے 9 منصوبوں کی منظوری
حکومت کو توقع ہے کہ 1800 اور2100 میگاہرٹز کے اضافی سپیکٹرم بینڈ کی نیلامی سے ایک ارب ڈالر کی آمدن جنریٹ ہو گی۔
دوسری جانب، ٹیلی کام کمپنیاں فریکوینسی ایلوکیشن بورڈ کے ساتھ ساتھ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو نیلامی سے قبل عارضی ایلوکیشن کے مسائل کو حل کرنے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔
ذرائع نے کہا کہ حکومت نے 900 میگاہرٹز بینڈ میں ہمسایہ ملک کے ساتھ سرحد پار مداخلت یا معاوضے کے سلسلے میں زونگ کو 6.6 میگاہرٹز عارضی طور پر مختص کی تھی۔
ذرائع نے مزید کہا کہ یہ عارضی الاٹمنٹ مخصوص علاقوں کے لیے ہے تاہم زونگ اسے تمام صوبوں کے لیے خیال کر رہی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ عارضی الاٹمنٹ کے مسائل نیلامی سے قبل حل کرنے چاہیے کیونکہ حکومت کو اس امر سے نہ صرف 200 ملین ڈالر اضافی حاصل ہوں گے بلکہ ٹیلی کام سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال کیا جائے گا۔
اس وقت، ٹیلی کام کمپنی جاز اور زونگ نے سالانہ بنیادوں پر پاکستانی مارکیٹ سے 100 ارب روپے سے زائد آمدن کما رہی ہیں۔