اسلام آباد: پاکستان اور بھارت نے آبی معاملات کو حل کرنے کی کوششیں تیز کرنے کیلئے انڈس واٹر کمیشن کا اگلا اجلاس جلد پاکستان میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ پاک بھارت مستقل انڈس کمیشن (پی آئی سی) کا 116واں اجلاس 23-24 مارچ کو نئی دہلی میں منعقد ہوا۔
سندھ طاس معاہدہ کی متعلقہ دفعات کے تحت یہ اجلاس ہر سال باری باری پاکستان اور بھارت میں منعقد ہوتا ہے۔ پاکستان کی جانب سے 8 رکنی وفد کی قیادت کمشنر برائے انڈس واٹرز محمد مہر علی شاہ کر رہے تھے جبکہ بھارتی وفد کی قیادت پی کے سکسینا کر رہے تھے۔
اجلاس کے دوران سندھ طاس معاہدہ سے متعلق مختلف معاملات زیر بحث آئے۔ پاکستان نے پکل دل، لوئر کلنائی، دربوک شیوک اور نمو چلنگ سمیت بھارتی منصوبوں پر اپنے اعتراضات کا اعادہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے سندھ طاس معاہدہ کی دفعات کے تحت تمام اہم معاملات کے جلد حل کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ پاکستان نے بھارت پر زور دیا کہ وہ سندھ طاس معاہدہ کی دفعات کے تحت سیلاب کے بہاؤ کے اعداد وشمار شیئر کرے۔