دوطرفہ تعاون کے فروغ کیلئے پاک ہنگری تجارتی و اقصادی ونڈو کا آغاز

فوڈ، ٹیکنالوجی، میڈیکل اور آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ بڑی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی ہیں: وزیر خارجہ ہنگری

508

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان ہنگری کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں تعاون کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

وزیر خارجہ جمعرات کو وزارتِ خارجہ میں پاکستان اور ہنگری کے مابین تجارتی و اقتصادی ونڈو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے ہنگری کے ہم منصب پیٹر سجارتو نے (وڈیو لنک کے ذریعے) بیک وقت ہنگری پاکستان تجارتی و اقتصادی ونڈو اور پہلے ہنگری  پاکستان بزنس فورم میں مشترکہ طور پر شرکت کی۔

شاہ محمود قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ہنگری کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں تعاون کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ تجارتی و اقصادی ونڈو کے کھلنے سے دونوں ممالک کے مابین تجارت  اور اقتصادیات کے شعبوں میں تعاون میں اضافہ ہو گا، ہمیں خوشی ہے کہ ہنگری پاکستانی طلباء کو تعلیمی وظائف فراہم کر رہا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان دونوں ممالک کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کے دوسرے اجلاس کی میزبانی کے لئے تیار ہے اور اپنی جغرافیائی سیاسی ترجیحات کو جغرافیائی معاشی ترجیحات میں بدل رہا ہے جبکہ کاروباری سہولیات کے لحاظ پاکستان کی درجہ بندی میں 28 درجے بہتری آئی ہے جو ہماری مثبت اقتصادی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ہنگری کے مابین توانائی، متبادل توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، فوڈ اور سیاحت کے شعبے میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطحی روابط کا فروغ دو طرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کا موجب بن سکتا ہے۔

اس موقع پر ہنگری کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہنگری کی فوڈ، ٹیکنالوجی، میڈیکل اور آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ بڑی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی ہیں جبکہ غذائی تحفظ کے حوالے سے دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے ہماری زرعی یونیورسٹیاں پاکستان کی ایگریکلچر کونسل کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

ہنگری کے وزیر خارجہ نے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ہنگری کے وزیر خارجہ جناب پیٹر سجارتو کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔ ہنگری کے وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ ایک بڑے کاروباری وفد کے ہمراہ جلد پاکستان تشریف لائیں گے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here