پاکستان کی کویتی کاروباری کمپنیوں کو سرمایہ کاری کیلئے سہولیات فراہم کرنے کی پیشکش

دونوں ملکوں کے مابین توانائی، صحت، ٹیکنالوجی، تعلیم اور دفاع کے شعبے میں دو طرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کے حوالے سے وسیع مواقع موجود ہیں، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

211

اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کویت کے ساتھ دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کا خواہاں ہے، دونوں ملکوں کے مابین توانائی، صحت، ٹیکنالوجی، تعلیم اور دفاع کے شعبے میں دو طرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کے حوالے سے وسیع مواقع موجود ہیں۔

جمعرات کو کویت کے وزیر خارجہ ڈاکٹر احمد نصر المحمد الصباح نے اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے کویتی ہم منصب اور ان کے وفد کو وزارتِ خارجہ تشریف آوری پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ سے زائد پاکستانی کویت میں مقیم ہیں جو کویت کی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہے ہیں، ہم نے اپنی جغرافیائی سیاسی ترجیحات کو جغرافیائی معاشی ترجیحات میں تبدیل کیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنوری میں کویت کے نائب وزیر خارجہ پاکستان تشریف لائے تو ان کے ساتھ کثیر الجہتی شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے مفید گفتگو ہوئی، ہم پاکستان اور کویت کے مابین پانچویں مشترکہ وزارتی کمیشن کے جلد انعقاد کے خواہش مند ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کویت کے ساتھ دو طرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کا خواہاں ہے، پاکستان خلیج تعاون کونسل کے ارکان کے درمیان بہتر تعلقات کیلئے کویت کے مثبت کردار کو تسلیم کرتا ہے، ہم بیرونی سرمایہ کاروں کو کاروبار میں سرمایہ کاری کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کر رہے ہیں، اسی وجہ سے کاروبار میں سہولت فراہم کرنے والے ممالک کے حوالے سے پاکستان کی درجہ بندی میں کافی حد تک بہتری آئی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم کویتی کاروباری کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے خوش آمدید کہیں گے، پاکستان اور کویت کے مابین توانائی، صحت، ٹیکنالوجی، تعلیم اور دفاع کے شعبے میں دو طرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کے حوالے سے وسیع مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ کویت اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خاتمے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن کے طور پر منانے کی تجویز کو آگے بڑھانے میں معاونت کرے گا۔

اس موقع پر کویتی وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کے فروغ کا متمنی ہے، کویت کی تعمیر و ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کا کردار قابل تحسین ہے۔

وزارت خارجہ کے مطابق کویتی وزیر خارجہ کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور مختلف شعبہ جات میں بڑھتے ہوئے دو طرفہ تعاون کو مزید تقویت حاصل ہو گی۔ قبل ازیں کویتی وزیر خارجہ نے وزارت خارجہ کے سبزہ زار میں ایک یادگاری پودا لگایا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here