اسلام آباد: ملک میں بجلی کے پیداوری شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) میں رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) اور سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے اس حوالہ سے دستیاب اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں ملک میں بجلی کے پیداواری شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 53 کروڑ 67 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔
یہ شرح گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ کے مقابلہ میں 0.67 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں بجلی کے پیداواری شعبہ میں 53 کروڑ 31 لاکھ ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیے: مالی سال کے آٹھ ماہ میں پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 30 فیصد کمی
فروری 2021ء میں ملک میں بجلی کے پیدواری شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم چھ کروڑ 9 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔
اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں پن بجلی منصوبوں میں 11 کروڑ 83 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری آئی جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پن بجلی منصوبوں میں ایف ڈی آئی کا حجم 10 کروڑ 34 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اسی طرح جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں کوئلہ سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں 31 کروڑ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ہوئی، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں کول پاور منصوبوں میں 35 کروڑ 73 لاکھ کی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی تھی۔
ایندھن سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں 10 کروڑ 84 لاکھ ڈالر براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ایندھن سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں سات کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی تھی۔