کراچی: جاری مالی سال 2020-21ء کے ابتدائی آٹھ ماہ کے دوران پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 30 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ بیرونی سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع جات کی منتقلی میں اضافے کا رجحان رہا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2020ء سے لے کر فروری 2021ء تک آٹھ ماہ کے دوران پاکستان میں ایک ارب 30 کروڑ ڈالر براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری آئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے ایک ارب 85 کروڑ ڈالر کے مقابلے میں 30 فیصد کم ہے۔
مجموعی طور پر پرائیویٹ فارن انویسٹمنٹ میں آٹھ ماہ کے دوران 43 فیصد کمی آئی جو گزشتہ مالی سال کے ابتدائی آٹھ ماہ کے ایک ارب 83 کروڑ ڈالر سے کم ہو کر ایک ارب چار کروڑ ڈالر رہ گئی۔
یہ بھی پڑھیے:
چین پاکستان میں برقی کاروں کا پلانٹ لگائے گا
سرمایہ کاری پر منافع کا جھانسہ، جعل ساز کمپنی کا ملتان میں بھی ایک ارب کا فراڈ
ترک سرمایہ کاروں کا پاکستان کے سیاحتی شعبے میں بھاری سرمایہ کاری کیلئے اظہارِ دلچسپی
پورٹ فولیو سرمایہ کاری کے انخلاء میں ریکارڈ اضافہ ہوا، رواں مالی سال کے آٹھ ماہ کے دوران سرمایہ کاروں نے پورٹ فولیو انویسٹمنٹ کی مد میں 25 کروڑ 60 لاکھ ڈالر نکال لیے جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں دو کروڑ 63 لاکھ ڈالر نکالے تھے۔
فارن پبلک انویسٹمنٹ کے انخلاء کی مد میں کسی قدر کمی آئی اور رواں مالی سال کے آٹھ ماہ کے دوران غیرملکی سرمایہ کاروں نے فارن پبلک انویسٹمنٹ کی مد میں 13 کروڑ 20 لاکھ ڈالر نکالے جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں دو ارب 16 کروڑ ڈالر کا انخلاء کیا تھا۔
آٹھ ماہ کے دوران چین نے پاکستان میں سب سے زیادہ براہ راست سرمایہ کاری کی جس کا حجم 49 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہا، نیدرلینڈز سے 11 کروڑ 78 لاکھ اور ہانگ کانگ سے 10 کروڑ 63 ڈالر براہ راست سرمایہ کاری کی گئی۔
تاہم مجموعی اعتبار سے پاکستان میں چین اور ہانگ کانگ کی سرمایہ کاری میں جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
سٹیٹ بینک اور سرمایہ کاری بورڈ کے مطابق جولائی سے لیکر فروری 2021ء تک چین نے پاکستان میں 49 کروڑ 40 لاکھ ڈالر اور ہانگ کانگ نے 11 کروڑ 78 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔
گزشتہ مالی سال کے ابتدائی آٹھ ماہ کے دوران چین نے پاکستان میں 65 کروڑ 46 لاکھ ڈالر اور ہانگ کانگ نے 16 کروڑ 21 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی تھی۔
اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں چین کی براہ راست سرمایہ کاری کا حجم 49 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا اور اس کی پورٹ فولیو سرمایہ کاری کا حجم منفی 6 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں ہانگ کانگ کی براہ راست سرمایہ کاری کا حجم 10 کروڑ 63 لاکھ ڈالر اور پورٹ فولیو سرمایہ کاری کا حجم 77 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔
فروری 2021ء کے دوران پاکستان میں مجموعی طور پر 15 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری آئی اور چین سب سے بڑا سرمایہ کار ملک رہا جس نے 9 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔
چین کے بعد فروری 2021ء کے دوران برطانیہ نے ایک کروڑ 15 لاکھ ڈالر اور جرمنی نے 85 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔