رواں مالی سال کے دوران حکومت نے کتنے ارب ڈالر قرض لیا اور کتنا واپس کیا؟

943

اسلام آباد: وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ جاری مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران غیرملکی قرض اور اس پر سود کی مد میں تین ارب 26 کروڑ 90 لاکھ ڈالر ادا کئے ہیں۔

وزارت اقتصادی امور کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لے کر دسمبر 2020ء تک بیرونی قرض پر اصل زر کی مد میں دو ارب 68 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی ادائیگی کی گئی جبکہ اسی مدت میں سود کی مد میں 58 کروڑ 30 لاکھ ڈالر ادا کیے گئے۔

اعدادوشمار کے مطابق دوطرفہ شراکت داروں کو قرضوں کی مد میں 10 کروڑ 20 لاکھ ڈالر، کثیرالجہتی شراکت داروں کو 98 کروڑ 60 ڈالر ادا کیے گئے۔ اسی طرح کمرشل قرضوں کی مد میں ایک ارب 57 کروڑ 90 لاکھ ڈالر، یورو اور سکوک بانڈز کی مد میں 12 کروڑ 90 لاکھ ڈالر، عالمی بینک کو 44 کروڑ 50 ڈالر اور ٹائم سیف ڈیپازٹ کی مد میں دو کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی ادائیگی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: سال 2020ء میں عالمی قرضوں کا حجم 281 کھرب ڈالر تک پہنچ گیا

وزارت اقتصادی امور کا کہنا ہے کہ مالی سال کے دوران مستحکم اور طویل المعیاد غیرملکی معاونت کی وجہ سے حکومت کو بیرونی قرض اور اس پر سود کی مد میں ادائیگی میں سہولت ملی ہے۔

وزارت کے مطابق زرمبادلہ ذخائر کی کمی، ترقیاتی منصوبوں کیلئے مالی معاونت اور ماضی کی حکومتوں کی جانب سے لئے گئے بھاری قرض اور اس پر سود کی ادائیگی کی وجہ سے موجودہ حکومت مزید بیرونی قرضے حاصل کرنے پر مجبور ہے۔

کتنا قرض لیا گیا؟

وزارت اقتصادی امور کے مطابق جولائی 2020ء سے لے کر جنوری 2021ء تک وفاقی حکومت نے مختلف مالیاتی ذرائع سے چھ ارب 66 کروڑ 10 لاکھ ارب ڈالر کی بیرونی معاونت حاصل کی جو بجٹ کے مجموعی تخمنیہ کا 54 فیصد ہے۔

گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے ابتدائی سات ماہ کے دوران چھ ارب 28 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی بیرونی معاونت حاصل کی گئی تھی۔ اس میں بجٹ و پروگرام معاونت کیلئے ایک ارب 64 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی معاونت حاصل کی گئی۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان یو اے ای سے ایک ارب ڈالر قرض کی دوبارہ تجدید کیلئے پر اُمید

میچیور ہونے والے غیرملکی کمرشل قرضوں کی ادائیگی کیلئے دو ارب 73 کروڑ ڈالر کی معاونت حاصل کی گئی، سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں کیلئے حاصل کردہ بیرونی معاونت کا حجم 89 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ہے، کموڈٹی فنانسنگ کیلئے 39 کروڑ 10 لاکھ ڈالر جبکہ چین سے سیف ڈیپازٹ کیلئے ایک ارب ڈالر کی معاونت حاصل کی گئی۔

اسی طرح رواں مالی سال 2020-21ء کے ابتدائی آٹھ ماہ کے دوران حکومت نے بیرونی ذرائع سے سات ارب ڈالر قرض حاصل کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 12 فیصد زیادہ ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جولائی 2020ء سے لے کر فروری 2021ء کے دوران حاصل کیے گئے مجموعی بیرونی قرض کا ایک تہائی چین سے حاصل کیا گیا جس کا حجم دو ارب 40 کروڑ ڈالر رہا۔ اس میں ڈیڑھ ارب ڈالر کا وہ قرض شامل نہیں جو سٹیٹ بینک نے ٹریڈ فنانس فیسیلٹی کے تحت لے رکھا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here