سٹیٹ بینک نے زرمبادلہ کیسز کی ڈیجیٹلائزیشن کیلئے بینکوں کو ہدایات جاری کر دیں

تمام بینک 30 جون 2021ء تک صارفین کیلئے پورٹل کی تیاری، آن بورڈ کرنے اور آگاہی دینے کا عمل مکمل کریں، زرِمبادلہ سے متعلق کاغذ پر مبنی کیسز جمع کروانے کے عمل کو روک دیں : سٹیٹ بینک کی ہدایت

221

کراچی: سٹیٹ بینک نے کاروباری طبقے کو مزید سہولت دینے، کاروباری آسانیوں کے فروغ اور زرمبادلہ سے متعلق کیسز کی پراسیسنگ کی لاگت کم کرنے کیلئے تمام بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کیس جمع کرانے اور اس کی پراسیسنگ کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے ڈیجیٹل پورٹل پر عملدرآمد کریں۔

مرکزی بینک سے منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق بینک نے ڈیجیٹلائزیشن کے پہلے مرحلے میں ایک آن لائن پلیٹ فارم ریگولیٹری اپروول سسٹم (آر اے ایس) کا آغاز کیا تھا جس کا مقصد سٹیٹ بینک کے شعبہ مبادلہ پالیسی اور بینکنگ سروسز کارپوریشن کے شعبہ امورِ زرمبادلہ میں زرمبادلہ سے متعلق کیسز آن لائن جمع کرانے کے سلسلے میں بینکوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔

سٹیٹ بینک آر اے ایس 24 مارچ 2020ء سے کام کر رہا ہے جس کے ذریعے ملک بھر کے بینک بینکنگ سروسز کارپوریشن (ایس بی پی) کے شعبہ امورِ زرمبادلہ میں آن لائن کیس جمع کراتے ہیں اور دستی طور پر کیس جمع کرانے کا طریقہ کار ختم کر دیا گیا ہے۔ بعد ازاں بینکوں کی جانب سے شعبہ مبادلہ پالیسی کو کاغذی شکل میں کیس جمع کرانے کا طریقہ کار 28 اگست 2020ء سے ختم کر دیا گیا۔

اپنی ڈیجیٹلائزیشن کی مہم کے اگلے مرحلے میں سٹیٹ بینک نے بینکوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ کیسز کو آن لائن جمع کروانے کے ضمن میں اپنے صارفین کو سہولت دینے اور کاغذ پر مبنی کیس جمع کروانے کے خاتمے کے لیے اپنے ویب پورٹلز تیار کریں۔

یوں 21 بینک پہلے ہی اپنے پورٹل تیار کر چکے ہیں اور کیسز کو ڈیجیٹل طور پر وصول کرنے کے علاوہ اپنے صارفین کو آن بورڈ کرنا شروع کر دیا ہے جبکہ باقی بینک تیاری اور صارفین کو آن بورڈ کرنے کے مرحلے میں ہیں۔

زرِمبادلہ سے متعلق کیس جمع کروانے کے ضمن میں اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹلائزیشن کے لیے سٹیٹ بینک کی ترجیح کے پیش نظر بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 30 جون 2021ء تک اپنے صارفین کے لیے پورٹل کی تیاری، آن بورڈ کرنے اور اس سے متعلق آگاہی دینے کے عمل کو مکمل کریں نیز زرِمبادلہ سے متعلق کاغذ پر مبنی کیسز جمع کروانے کے عمل کو روک دیں۔

مزید برآں یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ بینک کسی بھی ہنگامی صورت حال کے لیے جامع  انتظامات کریں اور اپنے پورٹلز میں کوئی رکاوٹ آنے کی صورت میں کاروباری تسلسل کو یقینی بنائیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here