آٹھ ماہ میں اشیائے خوردونوش کی درآمدات میں 50 فیصد اضافہ، 5.3 ارب ڈالر خرچ

676

لاہور: پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2021ء کے پہلے آٹھ ماہ (جولائی تا فروری) کے دوران اشیائے خورونوش کا درآمدی بل سالانہ 50.3 فیصد اضافے سے 5.34 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

تاہم جولائی تا فروری 2021ء کے دوران سالانہ لحاظ سے فوڈ گروپ کی ملکی برآمدات میں 5.85 فیصد کمی دیکھی گئی اور یہ دو ارب 85 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔

پی بی ایس کے مطابق اشیائے خورونوش کی درآمدات فروری 2020ء کے مقابلے میں فروری 2021ء میں 40.5 فیصد اضافے سے 70 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئیں جبکہ ماہانہ لحاظ سے جنوری 2021ء کے مقابلے میں فروری 2021ء میں ان درآمدات میں 4 فیصد کمی آئی۔

یہ بھی پڑھیے: سات ماہ کے دوران مصالحہ جات کی برآمدات سے 5 کروڑ 24 لاکھ ڈالر زرمبادلہ حاصل

جولائی تا فروری 2021ء کے دوران پاکستان نے ایک ارب 58 کروڑ ڈالر کا 21 لاکھ 67 ہزر 242 میٹرک ٹن پام آئل درآمد کیا۔ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں پام آئل کی درآمد میں 34 فیصد اضافہ ہوا۔

جولائی تا جنوری 2021ء کے دوران چائے کی درآمدات میں بھی خاطرخواہ اضافہ ہوا جو سالانہ لحاظ سے آٹھ ماہ کی مدت کے دوران 16 فیصد اضافے سے 37 کروڑ 90 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔

جاری سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران پاکستان کی مجموعی برآمدات میں فوڈ گروپ کا حصہ 17.5 فیصد رہا، چاول کی برآمدات سے ایک ارب 33 کروڑ ڈالر، پھلوں کی برآمدات سے 33 کروڑ 90 لاکھ ڈالر اور مچھلی کی برآمدات سے 25 کروڑ ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا۔

فروری 2021ء کے دوران پاکستان سے اشیائے خورونوش کی برآمدات میں سالانہ 2.9 فیصد اور ماہانہ 0.53 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور صرف 41 کروڑ 10 لاکھ ڈالر زرمبادلہ کمایا جا سکا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here