لندن: برطانیہ میں ایپ ڈویلپرز کے لیے غیرمنصفانہ قواعدوضوابط اور غیر مسابقتی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات پر امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔
برطانوی کمپی ٹیشن ریگولیٹر نے کہا ہے کہ اسے ایپ ڈویلپرز کے لیے غیرمنصفانہ قواعدوضوابط کے حوالے سے آئی فون بنانے والی کمپنی ایپل انکارپوریشن خلاف شکایات موصول ہوئی ہیں۔
برطانیہ کی کمپی ٹیشن اینڈ مارکیٹس اتھارٹی (سی ایم اے) نے کہا ہے کہ اگر برطانیہ میں ایپل کی ڈیوائسز پر ایپس کی ڈسٹری بیوشن میں پوزیشن غالب ہوئی تو کمپنی کے خلاف تحقیقات شروع کی جائیں گی۔
ایپ ڈویلپرز کی طرف سے طویل عرصے سے ایپل کے ایپ سٹور کی پیمنٹ پالیسیز سے متعلق شکایات سامنے آ رہی ہیں، ایپل پر صارفین کے کسی بھی وقت ان کی ایپ خریدنے یا ڈویلپرز سے ٹرانزیکشن کی ویلیو پر 30 فیصد کمیشن کا الزام بھی ہے۔ لیکن آئی فون بنانے والی کمپنی نے کہا ہے کہ وہ برطانوی ریگولیٹر کے ساتھ مل کر معاملے کو حل کرنے کے لیے کام کرے گی۔
یہ بھی پڑھیے:
دنیا ابھی فائیو جی کیلئے کوشاں، ایپل نے 6 جی پر تحقیق شروع کر دی
ایک سہ ماہی میں سب سے زیادہ سمارٹ فونز کی فروخت، ایپل نے ہواوے اور سام سنگ کو پیچھے چھوڑ دیا
ایپل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہمارے اعلیٰ معیار کی وجہ سے ایپ ڈویلپرز کے لیے ایپ سٹور ایک کامیابی کی کنجی ہے یہ معیار منصفانہ اور مساوی طور پر تمام ڈویلپرز پر لاگو ہوتا ہے جس کی مدد سے صارفین کو مالوئیر سے بچانا اور ان کے ڈیٹا کا تحفظ ہے۔
غیرملکی خبررساں ایجنسی رائیٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق کمپنی کو ڈچ مسابقتی حکام کی جانب سے بھی ایسی ہی تحقیقات کا سامنا ہے جو ایپل کے خلاف فیصلہ محفوظ کرنے کے قریب ہیں۔ گزشتہ برس یورپین کمیشن نے بھی ایپ سٹور کمیشن فیس پر آئی فون ساز کمپنی کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔