پشاور: خیبرپختونخوا کے محکمہ خزانہ نے بتایا ہے کہ محکمے کو مالی سال 2020ء کے دوران 161 فیصد اضافے سے 10.84ارب روپے آمدن ہوئی جبکہ مالی سال 2019 میں 5.35 ارب روپے ٹیکس اکٹھا کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی (کے پی آر اے) نے مالی سال 2021 میں اب تک 13.97 ارب روپے ٹیکس اکٹھا کیا ہے جو گزشتہ سال کی ٹیکس آمدن سے 29 فیصد زیادہ ہے۔ اتھارٹی کو گزشتہ دو سالوں کے دوران آمدن میں 261 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
تاہم، فروری 2021ء میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کورونا وائرس کی وجہ سے طورخم بارڈر کی بندش کے سبب کم ہوا۔
یہ بھی پڑھیے:
گڈ گورننس کے خالی دعوے، اربوں کا ترقیاتی بجٹ موجود، کے پی حکومت صرف سات کروڑ خرچ کر سکی
حکومت نے ایف بی آر کا ٹیکس خسارہ نان ٹیکس آمدن سمیت دیگر ذرائع سے پورا کرنے کی ٹھان لی
وزیرخزانہ کے پی تیمور سلیم جھگڑا نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ کے پی آر اے نے جولائی سے فروری کے دوران ماہانہ 1.60 ارب روپے اوسط کے حساب سے ٹیکس اکٹھا کیا ہے۔
محکمے کی جانب سے فراہم کردہ معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ جاری سال کی ٹیکس آمدن گزشتہ برس کی اسی مدت کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ رہی، جولائی میں ٹیکس آمدن میں 83 فیصد، اگست میں 468 فیصد، ستمبر میں 1049 فیصد، اکتوبر میں 968 فیصد، نومبر میں 914 فیصد، دسمبر میں 1226 فیصد اور جنوری میں 103 فیصد اضافہ ہوا۔
جھگڑا نے امید اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر آمدن مسلسل اسی طرح ہوتی رہی تو کے پی آر اے رواں برس 20 ارب روپے کا ہدف باآسانی حاصل کر لے گا۔