خیبرپختونخوا: متعدد محکموں کے فنڈز میں کٹوتی، ایک ارب سے زائد وزیراعلیٰ کے ضلع کو منتقل

محکمہ زراعت، پشاور رنگ روڈ، کوہاٹ اور کرک میں ترقیاتی منصوبوں کے 10، 10 کروڑ، جنرل بس سٹینڈ پشاور کے 16 کروڑ، بی آر ٹی پشاور کے 20 کروڑ، ڈی جی خان جیل کی تعمیر کیلئے مختص اڑھائی کروڑ روپے بھی منتقل

519

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے متعدد صوبائی محکموں کے فنڈز میں کٹوتی کرکے ایک ارب روپے سے زائد کے فنڈز وزیراعلیٰ محمود خان کے آبائی ضلع سوات کے مختلف منصوبوں کو منتقل کر دئیے۔

خیبرپختونخوا کے محکمہ منصوبہ بندی و ترقی (P&D) نے مختلف محکموں کے مجموعی طور پر دو ارب 47 کروڑ 70 لاکھ روپے کے فنڈز میں کٹوتی کر کے ایک ارب 14 کروڑ 80 لاکھ روپے کے فنڈز سوات میں مختلف منصوبوں کو منتقل کر دئیے ہیں۔

اس حوالے سے جو تفصیلات سامنے آئی ہیں ان کے مطابق صوبائی محکمہ زراعت کے 10 کروڑ روپے، پیسٹی سائیڈز پروجیکٹ سے ساڑھے 7 کروڑ اور کوہاٹ میں ملٹی سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام سے 10 کروڑ روپے کی کٹوتی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

خیبرپختونخوا حکومت کا تین مزید انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام کا فیصلہ

خیبرپختونخوا: ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کیلئے ڈیجیٹل سسٹم متعارف

خیبرپختونخوا، ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کے بغیر کروڑوں کا بجٹ خرچ

اسی طرح کرک میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے 10 کروڑ روپے، ہنگو سے 20 کروڑ روپے، پشاور رنگ روڈ کے ناردرن سیکشن کیلئے مختص فنڈز میں سے 10 کروڑ روپے کی کٹوتی کی گئی ہے۔

صوبائی محکمہ منصوبہ بندی و ترقی کی جانب سے جنرل بس سٹینڈ پشاور کے 16 کروڑ 40 لاکھ روپے، بی آر ٹی پشاور سے 20 کروڑ روپے جبکہ ڈیرہ غازی خان میں محکمہ داخلہ کی جانب سے جیل کی تعمیر کیلئے رکھے گئے اڑھائی کروڑ روپے کے فنڈز بھی سوات منتقل کر دئیے گئے ہیں۔

تاہم محکمہ منصوبہ بندی و ترقی خیبرپختونخوا کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ فنڈز اکنامک ریکوری پلان کی مد میں کاٹے گئے ہیں جو ضلع سوات میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر خرچ ہوں گے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا بلکہ ماضی میں بھی یا تو ترقیاتی منصوبے ہی سالانہ ترقیاتی پروگرام سے ختم کر دئیے گئے یا پھر اگر شروع بھی کیے گئے تو آج تک مکمل نہیں ہو سکے کیونکہ ان کی لاگت میں کئی گنا اضافہ ہو گیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here