امریکا کا عالمی سطح پر کورونا ویکسین پروگرام کیلئے چار ارب ڈالر دینے کا اعلان

444

واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نے جی سیون رہنمائوں کے ساتھ ورچوئل اجلاس کے بعد عالمی سطح پر کورونا ویکسی نیشن پروگرام کوویکس کیلئے چار ارب ڈالر فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہائوس کے سینئیر عہدیدار نے کہا ہے کہ  چار ارب ڈالر میں سے دو ارب ڈالر کی پہلی قسط رواں ماہ کے آخر تک جاری کر دی جائے گئی جبکہ باقی کے دو ارب ڈالر آئندہ دو سالوں کے دوران جاری کیے جائیں گئے۔

یہ بھی پڑھیے:

کورونا ویکسین کی ترسیل، 15 فضائی کمپنیاں معاونت فراہم کریں گی

امریکی فوجی کورونا ویکسین لگوانے سے انکار کیوں کر رہے ہیں؟

پاکستان میں کینسنو بائیو ویکسین کی لائسنسنگ اور مارکیٹنگ کی منظوری

وائٹ ہائوس عہدیدار کا کہنا ہے کہ کوویکس کیلئے امریکا اپنی پہلی شراکت پر بہت پُرجوش ہے اور ہم عالمی وبا کو شکست دینے کیلئے اس پروگرام کو بہت اہم سمجھتے ہیں، امریکا مقامی ضروریات کو ترجیح دینے کے ساتھ دوسرے ممالک کو مدد فراہم کرے گا تاکہ دنیا بھر میں اس وبا کے خطرات کو کم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ویکسین کی خریداری کیلئے فنڈز میں حصہ ڈالنے پر توجہ دی جا رہی ہے اور جب ہمارے پاس کافی سپلائی موجود ہوتی ہے تو ہم اضافی ویکسین کو عطیہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ادھر جرمنی نے بھی غریب ممالک میں کورونا ویکسین کی فراہمی کیلئے ایک ارب 80 کروڑ ڈالرعطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس سے قبل جرمنی نے 60 کروڑ یورو دینے کا وعدہ کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق کوویکس ہر ملک میں سب سے زیادہ کمزور 20 فیصد آبادی کیلئے کورونا وائرس کی ویکسین کی خریداری اور تقسیم کرنے کا عالمی منصوبہ ہے جس کے تحت غریب ممالک کو ویکسین فراہم کی جائے گئی۔

واضح رہے کہ نومبر 2020ء میں یونیسیف نے عالمی ادارہ صحت کے اشتراک سے دنیا بھر میں کورونا ویکسین کی بہ حفاظت ترسیل کو یقینی بنانے کیلئے کوویکس پروگرام کی بنیاد رکھی تھی جس کے تحت ترقی پذیر ممالک کو ویکسین کی دو ارب خوراکیں فراہم کی جائیں گی۔

یونیسیف کی طرف سے جاری بیان کے مطابق 15 سے زائد فضائی کمپنیوں کے ساتھ گلوبل لاجسٹک سمجھوتہ طے پا گیا ہے جس کے تحت کووِڈ۔19 ویکسین، بنیادی ادویات، طبی آلات اور دیگر اہم سازوسامان کی تقسیم کو ترجیح دی جائے گی۔

یونیسیف کا کہنا تھا کہ اس وقت تک سمجھوتے پر دستخط کرنے والی فضائی کمپنیوں میں ایئر بریج کارگو، ایئر فرانس، آسٹرال ایوی ایشن، برسلز ایئر لائنز، کارگولکس، کیتھی پیسیفک، امارات سکائی کارگو، ایتھوپئین ایئر لائنز، اتحاد ایئرلائنز، آئی اے جی کارگو، کارگو ایئر، لفتھانسا کارگو، قطر ایئر ویز، ائیر سعودیہ، سنگاپور ایئر لائنز اور یونائیٹڈ ایئر لائنز شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here