برسلز: اقوام متحدہ کے بچوں کیلئے امدادی فنڈ یونیسیف نے کہا ہے کہ فضائی کمپنیاں کووِڈ۔19 ویکسین کی منصفانہ تقسیم میں تعاون کریں گی۔
یونیسیف نے کورونا وائرس ویکسین کی دنیا بھر میں مساوی تقسیم کے لئے سرفہرست فضائی کمپنیوں کے ساتھ ویکسین کی ترسیل کا پروگرام شروع کیا ہے۔
یونیسیف کی طرف سے جاری بیان کے مطابق 15 سے زائد فضائی کمپنیوں کے ساتھ گلوبل لاجسٹک سمجھوتہ طے پا گیا ہے جس کے تحت کووِڈ۔19 ویکسین، بنیادی ادویات، طبی آلات اور دیگر اہم سازوسامان کی تقسیم کو ترجیح دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیے:
امریکی فوجی کورونا ویکسین لگوانے سے انکار کیوں کر رہے ہیں؟
پاکستان میں کینسنو بائیو ویکسین کی لائسنسنگ اور مارکیٹنگ کی منظوری
کوویکس پاکستان کو کورونا ویکسین کی ایک کروڑ 70 لاکھ خوراکیں فراہم کریگا
سمجھوتے کا مقصد 100 سے زائد ممالک کیلئے پروازیں چلانے والی فضائی کمپنیوں کے اتحاد سے ویکسین کی منصفانہ تقسیم کیلئے عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف کے مشترکہ کوویکس پروگرام کے ساتھ تعاون کرنا ہے تاکہ ویکسین دنیا بھر میں پہنچائی جا سکے۔
اس کے ساتھ ساتھ درجہ حرارت کے کنٹرول اور ویکسین کی سیکورٹی جیسی حفاظتی تدابیربھی اختیار کی جائیں گی اور جن علاقوں میں ضرورت محسوس ہوئی وہاں ویکسین کی ترسیل کیلئے اضافی ٹرانسپورٹ کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
یونیسیف کا کہنا تھا کہ اس وقت تک سمجھوتے پر دستخط کرنے والی فضائی کمپنیوں میں ایئر بریج کارگو، ایئر فرانس، آسٹرال ایوی ایشن، برسلز ایئر لائنز، کارگولکس، کیتھی پیسیفک، امارات سکائی کارگو، ایتھوپئین ایئر لائنز، اتحاد ایئرلائنز، آئی اے جی کارگو، کارگو ایئر، لفتھانسا کارگو، قطر ایئر ویز، ائیر سعودیہ، سنگاپور ایئر لائنز اور یونائیٹڈ ایئر لائنز شامل ہیں۔
واضح رہے کہ نومبر 2020ء میں یونیسیف نے عالمی ادارہ صحت کے اشتراک سے دنیا بھر میں کورونا ویکسین کی بہ حفاظت ترسیل کو یقینی بنانے کیلئے کوویکس پروگرام کی بنیاد رکھی تھی جس کے تحت ترقی پذیر ممالک کو ویکسین کی دو ارب خوراکیں فراہم کی جائیں گی۔