کسٹمز امور میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کیلئے پاکستان اور تاجکستان کا معاہدہ طے

معاہدے کے تحت کسٹمز قوانین سے متعلق جرائم کی روک تھام اور تحقیقات، منشیات سمگلنگ، قوانین کے نفاذ، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافے اور دونوں ملکوں کے درمیان برآمدات کے فروغ کے سلسلے میں اہم معلومات کا تبادلہ کیا جائے گا

542

اسلام آباد: پاکستان اور وسط ایشیائی ریاست تاجکستان نے کسٹمز امور میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کیلئے معاہدے پر دستخط کر دئیے ہیں۔

جمعہ کو ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی سفیر عمران حیدر اور تاجکستان کسٹمز سروس کے چیئرمین کریم زودا نے اپنی اپنی حکومتوں کی جانب سے کسٹمز امور میں تعاون کے معاہدے پر دوشنبے میں دستخط کئے۔

معاہدے کی دفعات کو پاکستان کسٹمز اور تاجکستان کسٹمز کے درمیان تفصیلی معلومات اور آراء کے تبادلے اور دونوں حکومتوں کی منظوری کے بعد حتمی شکل دی گئی ہے۔

معاہدے پر فوری عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے پاکستان کسٹمز کی جانب سے وزارت خارجہ کے ذریعے تاجکستان میں پاکستان کے سفیر کو ایف بی آر اور حکومت پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اس پر دستخط کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔

ایف بی آر کے مطابق معاہدے سے دونوں ملکوں کے کسٹمز حکام کے درمیان معلومات کا تبادلہ ہو گا اور باہمی تعاون کو فروغ ملے گا۔

کسٹمز قوانین سے متعلق جرائم کی روک تھام اور تحقیقات، منشیات کی سمگلنگ، کسٹمز قوانین کے نفاذ، تحقیق و ترقی، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافے اور دونوں ملکوں کے درمیان برآمدات کے فروغ کے سلسلے میں اہم معلومات کا تبادلہ کیا جائے گا۔

اس سے تجارت کو حتی الوسع حد تک باسہولت بنانے اور دوطرفہ اور ٹرانزٹ تجارت کی سکیورٹی یقینی بنانے میں بھرپور مدد ملے گی اور دونوں ملکوں کے درآمد کنندگان و برآمد کنندگان کے کاروباری اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی۔

ایف بی آر کے ترجمان نے بتایا کہ یہ معاہدہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے دونوں ممالک کی قیادت کے پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاہدے کا مقصد علاقائی سطح پر اور دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ بہتر معاشی انضمام اور پاکستان کی بین الاقوامی تجارت کو وسعت دینے کے سٹریٹجک مقاصد کے حصول کے لئے بین الاقوامی تعاون کو یقینی بنانا ہے۔

اس سلسلے میں پاکستان کسٹمز اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے افغانستان، ترکی، ایران، متحدہ عرب امارات اور امریکہ سمیت کئی ممالک کے ساتھ کسٹمز امور پر باہمی تعاون کے سمجھوتوں پر دستخط کئے ہیں۔ جنوبی کوریا، آسیان ممالک، سعودی عرب، روس اور یورپی یونین سمیت کئی دیگر ممالک کے ساتھ ان سمجھوتوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here