لاہور: پنجاب میں گنے کے کاشت کاروں کو اُن کے واجبات ادا نہ کرنے پر کین کمشنر پنجاب نے سخت نوٹس لے لیا ہے۔
کین کمشنر پنجاب محمد زمان وٹو نے تاندلیانوالہ کی شوگر ملوں رحمن ہنجرا یونٹ، فیصل آباد یونٹ اور جی بی شوگر ملز پسرور کو دو دن کا نوٹس جاری کرتے ہوئے 20 فروری تک گنے کے کاشت کاروں کو واجبات ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
کین کمشنر پنجاب کو کاشت کاشت کاروں کی جانب سے جی بی شوگر مل پسرور، تاندلیانوالہ شوگر مل یونٹ وَن اور ٹو فیصل آباد، رحمٰن حاجرہ اور مظفر گڑھ کی شوگر ملوں کیخلاف شکایات موصول ہوئی تھیں کہ دسمبر اور جنوری کے واجبات ادا نہیں کیے۔
کین کمشنر نے ملز مالکان عاطف ظہیر فاروقی، اکبر خان اور محمد عرفان جاوید کو جاری کئے گئے نوٹس میں تنبیہہ کی ہے کہ دو یوم یعنی 20 فروری تک کاشت کاروں کے دسمبر اور جنوری کے واجبات ادا کریں اور ادائیگیوں کی کلیئرنس رپورٹ کین کمشنر آفس میں جمع کروائیں، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
کین کمشنر پنجاب محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ مذکورہ شوگر ملوں کے خلاف کین کمشنر آفس کو شکایات موصول ہو رہی تھیں جن پر انہیں بارہا واجبات ادا کرنے کو کہا گیا لیکن شوگر ملز مالکان کی جانب سے کسانوں کا استحصال جاری رکھنے کے بعد کین کمشنر آفس کو نوٹس لینا پڑ رہا ہے۔