وزیراعظم کی دسمبر 2021ء تک پنجاب کی 100 فیصد آبادی کو ہیلتھ کارڈ فراہمی کی ہدایت

244

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کو ہدایت کی ہے کہ دسمبر 2021ء تک صوبے کی سو فیصد آبادی کو ہیلتھ کارڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

گزشتہ روز پنجاب میں ہیلتھ کارڈز کی فراہمی کے حوالے سے پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان، صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد اور سینئر افسران نے شرکت کی جبکہ وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار اور وزیر خزانہ پنجاب ہاشم جواں بخت نے بھی اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس کو پنجاب کی صوبائی کابینہ کی جانب سے حال ہی میں صوبے کی 100 فیصد آبادی کو یونیورسل ہیلتھ کوریج کی فراہمی کی منظوری کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کو پنجاب کی سو فیصد آبادی کو اس سال کے آخر تک ہیلتھ کارڈ کی فراہمی میں اب تک ہونے والی پیشرفت اور اہداف کے حصول کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے اختتام تک پنجاب کے سات اضلاع کی مکمل آبادی کو ہیلتھ کارڈ فراہم کر دیئے جائیں گے جبکہ دسمبر 2021ء تک پنجاب کے تمام اضلاع میں ہیلتھ کارڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائےگا۔

وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر پنجاب میں عوام الناس کو ہیلتھ کارڈ کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات میں پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ، بد قسمتی سے ماضی میں صحت کے نظام میں غریب طبقے کے تحفظ پر توجہ نہ دی گئی۔ ہیلتھ کارڈ کی فراہمی کی بدولت غریب اور مستحق افراد صحت کی معیاری سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here