لندن: برطانوی عدالت نے ابراج گروپ کے بانی عارف نقوی کو دھوکہ دہی کے الزام میں امریکہ کے حوالے کرنے کا فیصلہ سنا دیا۔
امریکی پراسیکیوٹر نے پاکستانی نژاد بزنس مین عارف نقوی پر بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن سمیت دیگر سرمایہ کاروں کو دھوکا دینے کا الزام عائد کیا تھا، عارف نقوی کے وکیل کا کہنا ہے کہ امریکہ میں اگر انہیں سزا سنائی گئی تو انہیں 291 سال جیل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
2018 تک ابراج شمالی افریقہ اور مشرقِ وسطیٰ میں سب سے بڑی فنڈز خرچ کرنے والی کمپنی تھی، سرمایہ کاروں نے کمپنی کی مینجمنٹ سے متعلق ایک ارب ڈالر کے ہیلتھ کئیر فنڈز پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کورٹ کے جج نے ابراج گروپ کے بانی عارف نقوی کے وکیل کے دلائل مسترد کرتے ہوئے سیکریٹری خارجہ کو ان کی امریکا حوالگی کا فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔ سیکریٹری خارجہ کے فیصلے کے بعد عارف نقوی، حوالگی ایکٹ 2003ء کے سیکشن 92 کے تحت فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر سکتے ہیں۔