سندھ کا ٹماٹر کی درآمد پر پابندی، پیاز برآمد کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ

426

کراچی: سندھ حکومت نے وفاق کو ٹماٹروں کی درآمدات پر پابندی عائد کرنے اور پیاز برآمد کرنے کی اجازت کا مطالبہ کر دیا۔

محکمہ زراعت سندھ نے وفاقی حکومت کو ایک خط میں کہا ہے کہ صوبے نے ٹماٹر اور پیاز ملکی ضروریات سے زائد پیدا کیا ہے۔ دونوں فصلیں کٹائی کے لیے تیار ہیں۔

وزیرزراعت سندھ اسماعیل راہو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ “رواں برس سندھ میں ٹماٹر اور پیاز کی اضافی پیداوار کی توقع ہے لیکن اگر ٹماٹر کی درآمدات پر پابندی اور پیاز کی برآمدات کی اجازت نہیں دی گئی تو کسانوں کو مذکورہ دونوں فصلوں کے عوض مناسب نرخ وصول نہیں ہوں گے”۔

یہ بھی پڑھیے:

سندھ حکومت کا فصلوں کی انشورنس کا منصوبہ

بڑھتی قیمتوں نے حکومت کو ایران سے ٹماٹر منگوانے پر مجبور کر دیا

ملک میں قیمتیں 50 فیصد گرنے سے تاجروں نے پیاز بیرون ملک برآمد کرنا شروع کر دی

خط کے مطابق سندھ میں سال 2019-2020 کے دوران 57900 ہیکٹرز زمین پر پیاز کی فصل کاشت کی گئی جس سے 782140 میٹرک ٹن پیداوار ہوئی جبکہ رواں برس یہ فصل 58200 ہیکٹرز زمین پر کاشت کی گئی ہے۔

اسی طرح، سال 2019-2020 کے دوران صوبے میں 22542 ہیکٹرز زمین پر ٹماٹر کاشت کیا گیا جس سے 164658 میٹرک ٹن پیداوار ہوئی جبکہ رواں برس 30 ہزار ہیکٹرز زمین پر ٹماٹر کی کاشت کی گئی ہے۔

خط میں کہا گیا کہ “وفاق کی نامناسب پالیسیوں کی وجہ سے کسان دونوں فصلوں کی پیداواری لاگت پوری کرنے میں بھی ناکام ہیں۔ اس لیے وفاق ٹماٹر کی درآمدات پر پابندی کے لیے ضروری اقدامات کرے جبکہ وزارت تجارت اور فوڈ سکیورٹی پیاز کی اضافی پیداوار کو برآمد کرنے کی اجازت دے”۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here