لاہور: چئیرمین قومی احتساب بیورو(نیب) جسٹس (ر) جاوید اقبال نے تاجر تنظیموں کے انڈرانوائسنگ، انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور کسٹمز سے متعلق مقدمات کو فوراََ ختم کرنے کا حکم دے دیا۔
چئیرمین نیب اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے وفد کے درمیان ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں مذکورہ بالا پیشرفت سامنے آئی۔
نائب صدر ایف پی سی سی آئی شیخ سلطان رحمان نے چئیرمین نیب کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں ایف پی سی سی آئی کے وفد کی صدارت کی، وفد میں حاجی غلام علی اور زکریا عثمان، سابق صدور ایف پی سی سی آئی، کے سی سی آئی کے صدر میاں نصر حیات مگو اور فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی ایم اے) کی جانب سے خواجہ شاہزیب اکرم شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیے:
نیب کا براڈشیٹ معاہدہ کے حوالے سے وضاحتی بیان جاری
سال 2020ء: نیب لاہور نے بدعنوان عناصر سے 29 ارب کی ریکوریاں کیں
یہ بھی واضح رہے کہ نیب نے دسمبر 2020ء میں کاروباری برادری کی جانب سے انڈر انوائسنگ کے مقدمات وفاقی بورڈ برائے ریونیو (ایف بی آر) میں بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔
اس سے قبل ڈپٹی چئیرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا تھا کہ حکومت نے نیب کے اختیارات حکومت اور عوامی کرپشن تک محدود کرنے کے لیے ایک آرڈیننس جاری کیا تھا لیکن اس حوالے سے سیاسی جماعتیں کسی بھی نتیجے پر نہیں پہنچ سکیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ آرڈیننس پاس نہ ہونے کے نتیجے میں نیب کو نجی کاروباروں اور بیوروکریسی سمیت ملک کے ہر ادارے میں مداخلت کرنے کا موقع مل گیا۔