لاہور: کارساز کمپنی ہنڈائی پاکستان کی جانب سے مالی سال 2021ء کی پہلی سہ ماہی میں گاڑیوں کی پیداوار میں 100 فیصد اضافے کا امکان ہے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ہنڈائی نشاط موٹر (پرائیویٹ) لمیٹڈ حسن منشاء نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دوسری سہ ماہی کے آخر تک کمپنی کی پیداواری صلاحیت کو مزید بڑھانے کے لیے ڈبل شفٹ آپریشنز کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ گاڑیاں بنانے کی صلاحیت میں اضافہ کرکے اور نیٹ کو وسعت دے کر اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ کمپنی ملک میں روزگار کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔
نشاط گروپ کی ملکیتی کمپنی نے یہ عزم بھی ظاہر کیا ہے کہ گاڑیوں کی پیداوار بڑھنے سے آرڈرز کی تکمیل جلد ہو گی اور صارفین کو طویل انتظار اور تاخیر کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
2017ء میں ہنڈائی نے نشاط گروپ کے ساتھ شراکت داری کی تھی جس کے بعد دوبارہ پاکستان میں پیداواری عمل شروع کیا گیا تھا۔ کمپنی نے اگست 2020ء میں پاکستان میں کراس اوور ٹکسن متعارف کرائی تھی۔