لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے سال 2020ء کے دوران بدعنوان عناصر سے پانچ ارب 60 کروڑ کی ڈائریکٹ ریکوری کی جبکہ 23 ارب 42 کروڑ 10 لاکھ اِن ڈائریکٹ ریکوری میں برآمد کروائے۔
نیب لاہور نے سال 2020ء کی کارکردگی رپورٹ کا گزشتہ سالوں سے تقابلی جائزہ کیساتھ اجراء کر دیا، ترجمان نیب لاہور کے مطابق سال 2020ء میں متعدد سنگ میل عبور کئے گئے تاہم آئندہ سال کے اہداف کا تعین اور ان کے حصول کیلئے نیب لاہور کوشاں رہے گا۔
ترجمان کے مطابق سال 2020ء کے دوران نیب لاہور کو پانچ ہزار 23 شکایات موصول ہوئیں جبکہ بیک لاگ عبور کرتے ہوئے کل نو ہزار 24 شکایات پر عمل درآمد کیا گیا،نیب لاہور میں کل پانچ سو 75 شکایات پر ضروری کارروائی جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
نیشنل بینک کے سابق صدر کے خلاف ایک اور نیب انکوائری شروع
ریکوڈک کیس، دو ملزمان کا ریمانڈ، مزید تفتیش کیلئے نیب کے حوالے
فنانس ڈویژن کے فنڈز سے 329 ارب کی خلاف قواعد ادائیگی، معاملہ نیب کے سپرد
محکمہ کوسٹل ڈویلپمنٹ کے سابق سیکرٹری اور موجودہ ڈی جی فشریز کو نیب نے گرفتار کر لیا
انہوں نے کہا کہ سال 2020ء کے دوران نیب کے شکایات سیل کی جانب سے 148 شکایات پر تحقیقات کی منظوری دی گئی جبکہ اس دوران 159 شکایات پر تحقیقات کو مکمل بھی کر لیا گیا، نیب لاہور کا کمپلینٹ سیل فی الوقت 125 شکایات کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا سال 2020ء کے دوران نیب لاہور نے کل 56 شکایات پر انکوائریاں شروع کیں تاہم گزشتہ سال 2019ء سے جاری انکوائریوں سمیت مجموعی طور پر 59 انکوائریاں منطقی انجام تک پہنچائی گئیں۔ ریجنل بورڈ کی منظوری سے 2020ء میں 26 انکوائریاں انویسٹی گیشن کے مراحل میں داخل کر دی گئیں۔
نیب لاہور میں سال 2020ء کے اختتام تک کل 163 انکوائریوں پر تحقیقات جاری ہیں، سال 2020ء کے دوران نیب لاہور کی جانب سے 26 انویسٹی گیشنز کی باقاعدہ منظوری دی گئی، اگرچہ عدم شواہد پر سات انویسٹی گیشنز بند، 26 انویسٹی گیشنز پر ریفرنس اور ایک پر پلی بارگین کی گئی، تاہم مجموعی طور پر 46 انویسٹی گیشنز پر نیب لاہور تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے ۔
نیب لاہور نے 2020ء کے دوران تحقیقات مکمل کرتے ہوئے اربوں روپے مالیت پر مشتمل 38 ریفرنس احتساب عدالتوں میں دائر کئے، ماضی کے 16 سالہ دور میں دائر ریفرنسز کی مالیت کےمقابلہ میں ریفرنسز کی مالیت میں 286 گنا سالانہ اضافہ ہوا ہے، سال 2020ء میں احتساب عدالتوں نے ایک سو ریفرنسز پر فیصلے صادر کئے جبکہ سال 2019ء میں کل 38 ریفرنسز پر فیصلے ہوئے تھے۔
سال2019ء میں نیب لاہور کا ملزمان کو سزائیں دلوانے کا تناسب 70 فیصد رہا جبکہ سال 2020ء میں نیب لاہور کا کنوکشن ریٹ 78 فیصد تک بڑھ گیا۔ لاہور کی احتساب عدالتوں میں فی الوقت 187 ریفرنسز پر ٹرائل جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ تین سالوں کے دوران ماضی کے 17 سالوں کی نسبت ریکوری میں 280 فیصد سالانہ اضافہ ہوا۔ سال 2020ء کے دوران کرپٹ عناصر سے پانچ ارب 60 کروڑ کی ڈائریکٹ ریکوری کی گئی جبکہ اِن ڈائریکٹ ریکوری کی مد میں 23 ارب 42 کروڑ 10 لاکھ برآمد کروائے گئے اگرچہ اِن ڈائریکٹ ریکوری کے طور پر وصولیوں میں ماضی کے 17 سالہ دور (2016-1999ء) کی نسبت 945 فیصد سالانہ اضافہ ہوا۔