29ویں ورلڈ میموری چیمپین شپ پاکستانی لڑکی کے نام

ورلڈ میموری چیمپین شپ میں دنیا بھر سے تین سو طلباء نے حصہ لیا، پاکستان کی بیٹیوں ایما عالم اور کساء زاہرہ پر مشتمل پاکستانی ٹیم نے کئی ریکارڈ پاش پاش کر دئیے، ایک اور پاکستانی لڑکی عبیرہ اطہر کی ساتویں پوزیشن

840

اسلام آباد: پاکستانی لڑکی نے 29ویں ورلڈ میموری چیمپین شپ اپنے نام کر لی، ایونٹ میں دنیا بھر سے تین سو سے زائد طلباء نے حصہ لیا۔

ایما عالم نے تین روزہ بین الاقوامی مقابلے میں 10 ڈسپلنز میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، مقابلے میں چین، کینیڈا، برطانیہ، جنوبی کوریا، ویت نام، بھارت، ملائیشیا، الجیریا، امریکا، ہانگ کانگ، مکاؤ، تائیوان، لیبیا، قطر اور عراق سے بھی امیدواروں نے شرکت کی۔

پاکستانی ٹیم کی جانب سے ورلڈ چیمپین شپ میں ایما اور سیدہ کساء زہرہ نے کئی عالمی ریکارڈ توڑے۔پاکستانی ٹیم کی ایک دوسری رکن عبیرہ اطہر نے 2020ء کی گلوبل رینکنگ میں ساتویں پوزیشن حاصل کی۔

عالمی مقابلے میں اپنی جیت کے حوالے سے ایما کافی پرجوش دکھائی دیں، ان کا کہنا تھا کہ “میرے کوچ اور ادارے نے مجھ پر دو سال تک ان تھک محنت کی، روزانہ کی پریکٹس اور محنت کے بعد میرا مقصد چیمپین شپ میں بہترین کارکردگی دکھانا تھا تھا، انسانی یادداشت کا طریقہ کار اور دماغ کی معلومات ذخیرہ کرنے کا نظام بہت طاقتور ہے جو میرے لیے بہت حیران کن ہے”۔

ایما نے کہا کہ وہ آئندہ سال دوبارہ مقابلے میں حصہ لیں گی اور اس سے بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی۔ اس کے ساتھ انہوں نے چیمپئین شپ میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں کو مبارک باد دی۔

ایما، جو گھر سے تعلیم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں، ماضی میں بھی یادداشت کے مختلف مقابلوں میں حصہ لے چکی ہیں، انہوں نے ملائیشیا میں منعقد ہونے والی تیسری ایشیا پیسیفک میموری چیمپین شپ اور چین میں منعقد ہونے والی 28ویں ورلڈ میموری چیمپین شپ میں بھی حصہ لیا تھا اور اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت بے پناہ انعامات چیتے۔

ورلڈ میموری چیمپین شپ ذہنی صلاحیت کو جانچنے کا ایک مقابلہ ہوتا ہے جس کی بنیاد 1991ء میں ٹونی بزن اور ریمنڈ کینے نے رکھی تھی اور اس کا مقصد دنیا بھر میں انسانی ذہن اور یادداشت کی بے مثال صلاحیتوں کو اجاگر کرنا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here