پشاور: حکومتِ خیبرپختونخوا نے لیجنڈری بالی وڈ اداکار دلیپ کمار اور راج کپور کے آبائی گھروں کو خریدنے کے لیے 23.56 ملین روپےکے فنڈز جاری کر دیے۔
دونوں بالی ووڈ اداکاروں کے آبائی گھر پشاور کے قصہ خوانی بازار کے محلہ خداداد اور پشاور کے محلہ ڈھکی منور شاہ میں واقع ہیں۔
خیبرپختونخوا حکومت نے بالی ووڈ کے دونوں اداکاروں کی آبائی رہائش گاہوں کو میوزیم میں تبدیل کرنے کا اعلان کر رکھا ہے، ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) پشاور اور کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ (سی اینڈ ڈبلیو) کی تجاویز پر ان گھروں کو فروخت کرنے کیلئے رقم مارکیٹ ویلیو کے حساب سے مقرر کی گئی ہے۔
صوبائی حکومت نے کہا ہے کہ دونوں گھروں کی قیمت پشاور کے ڈی سی ریٹ کے مطابق مقرر کی گئی ہے جبکہ دونوں گھروں کے اسٹرکچر کی لاگت کے پی کے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی جانب سے مقرر کی گئی ہے۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ کے پی محمود خان نے منظوری دے دی ہے، متعلقہ حکام کو طے شدہ قیمت پر دونوں گھروں کو خریدنے کی اجازت بھی مل چکی ہے۔ دستاویزات کے مطابق دلیپ کمار کے گھر کی کُل مالیت 8 کروڑ 56 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ راج کپور کی رہائش گاہ کی مالیت 15 کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے۔
تاہم راج کپور کے آبائی گھر کے موجودہ مالک نے اس قدیمی عمارت کو فروخت کرنے کے لیے دو ارب روپے کا مطالبہ کیا ہے۔
پشاور میں تاریخی قصہ خوانی بازار کے محلہ خداداد میں واقع محمد یوسف خان (دلیپ کمار) کے گھر کی صورت حال ابتر ہو چکی ہے۔ ماضی میں یہ رہائشی علاقہ تھا لیکن اب یہ اہم کاروباری مرکز میں تبدیل ہو چکا ہے۔
دلیپ کمار اس گھر میں 11 دسمبر 1922ء میں پیدا ہوئے تھے، تاہم بعدازاں ا نکا خاندان بمبے (حالیہ ممبئی) جا بسا۔ 2013 میں وفاقی حکومت کی جانب سے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کے گھر کو قومی ورثہ قرار دے کر اسے میوزیم میں تبدیل کرنے کا اعادہ کیا گیا تھا۔
اس سے قبل دلیپ کمار نے 1988ء میں اپنے آبائی گھر کا دورہ کیا تھا، اس وقت انہوں نے اپنے گھر کے داخلی دروازے کو چوما تھا اور میڈیا کو اپنے بچپن کی یادیں بتائی تھیں۔
1997ء میں دلیپ کمار کو اعزازی طور پر پاکستان کے اعلیٰ سول ایوارڈ نشانِ امتیاز سے نوازا گیا تھا، اس موقع پر انہوں نے پشاور میں واقع اپنے آبائی گھر کا دوبارہ سے دورہ کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی لیکن لوگوں کے ہجوم کے باعث وہ اپنے آبائی گھر نہ جا پائے تھے۔
بالی وڈ لیجنڈری اداکار راج کپورکی آبائی رہائش گاہ بھی پشاور کے محلہ ڈھکی منور شاہ میں واقع ہے، بالی وڈ کو کپور خاندان نے ایک سے بڑھ کر ایک سوپراسٹار دیے جن میں سے ایک اداکار راج کپور ہیں جو اسی گھر میں پیدا ہوئے تھے۔
یہ گھر راج کپور کے والد نے 1918 سے 1922 کے درمیان تعمیر کرایا تھا۔ راج کپور کے گھر کی حالت اچھی ہے، تاہم زلزلوں اور اسکے موجودہ مالک نے عمارت کو کچھ حد تک نقصان پہنچایا ہے، جس کے باعث آس پاس کے رہائشیوں کو عمارت کے گرنے کا خطرہ ہے۔