پشاور: حکومتِ خیبرپختونخوا نے وارسک روڈ اور شبقدر تحصیل پر واقع ماربل فیکٹریوں کو مہمند اکانومک زون (مہمند ماربل سٹی) میں منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیرِ صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں مہمند اور بونیر ماربل سٹیز سے متعلق فیصلہ کیا گیا۔
وہ ماربل فیکٹری مالکان جو رضاکارانہ طور پر اپنی ماربل فیکٹریاں مہمند ماربل سٹی میں منتقل کریں گے انہیں گرانٹس کے ساتھ مناسب قیمتوں پر پلاٹس بھی دیے جائیں گے۔ ابھی تک 19 ماربل فیکٹریوں کے مالکان نے اپنی فیکٹریاں وارسک روڈ سے منتقل کرنے کی درخواست دی ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
حکومت مدد کرے تو ماربل انڈسٹری اربوں ڈالر کا زرمبادلہ کما کر دے سکتی ہے
خیبرپختونخوا میں ماربل فیکٹریوں سے متعلق نیا قانون، عمل درآمد مشکل کیوں ؟
مہمند ماربل سٹی 350 ایکڑ پر محیط ہے اور اب تک نئے انڈسٹریل یونٹس لگانے کے لیے 106 پلاٹس الاٹ کیے جا چکے ہیں۔
اجلاس کے دوران مہمند اکانومک زون کو خصوصی اقتصادی زون میں تبدیل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ کے پی کی ہدایت دی کہ “مذکورہ ماربل فیکٹریوں کے مالکان کے ساتھ مشاورت سے یہ ماربل فیکٹریاں مہمند اکانومک زون میں منتقل کرنے کے اقدامات کے لیے منصوبہ بندی کی جائے”، وزیراعلیٰ نے اس حوالے سے متعلقہ حکام کو تمام کاغذی کارروائی مکمل کرکے 15 دن کے اندر رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا۔
مزید برآں، اجلاس کے دوران تجویز کردہ بونیر ماربل سٹی پراجیکٹ پر عملی کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، یہ منصوبہ 126 ایکڑ وسیع ہو گا۔ اس مقصد کے لیے زمین کی خریداری کے لیے پی سی-1 کی ایک ہفتے میں منظوری دی جائے گی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ نئے قائم کیے جانے والے ماربل سٹی میں 2.8 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی توقع ہے جبکہ 200 صنعتی یونٹس کی مدد سے 12 ہزار نئی نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔