لاہور: ملک میں فوڈ ڈلیوری مارکیٹ میں جگہ بنانے اور فوڈ پانڈا پر سبقت لے جانے کے لیے کریم پاکستان نے ریستورانٹس سے 15 سے 20 فیصد کمیشن لینے کی بجائے پانچ فیصد کمیشن مقرر کرنے کا اعلان کر دیا۔
کریم نے اپنے ٹویٹر پیغام میں ریستورانٹس کو رجسٹرڈ کرنے اور ان سے پانچ فیصد فی آرڈر کمیشن لینے کا اعلان کیا۔
رواں برس 16 ستمبر 2020ء کو کریم نے ریستورانٹس سے 15 سے 20 فیصد کمیشن فی آرڈر وصول کرنے کا اعلان کیا تھا، کریم کا یہ اعلان آل پاکستان ریستورانٹس ایسوسی ایشن (اپرا) کی جانب سے کراچی میں فوڈ پانڈا کے خلاف ریستوران مالکان کے احتجاج کے محض ایک روز بعد سامنے آیا تھا۔
آل پاکستان ریستورانٹس ایسوسی ایشن نے ستمبر کے دوسرے ہفتے کراچی میں فوڈ ڈلیوری کے حوالے سے فوڈ پانڈا کی جانب سے ‘غیرمنصفانہ مطالبات’ کے خلاف احتجاجاََ اپنے کاروبار بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے:
ریسٹورنٹس مالکان کا فوڈ پانڈا کا بائیکاٹ جاری، مسابقتی کمیشن سے مداخلت کی اپیل
Chevron نے کریم کیپٹنز کیلئے سستے پیکج متعارف کرا دئیے
پنجاب ریونیو اتھارٹی ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ریستورانٹس کے خلاف کارروائی کرے گی
اپرا نے اپنے ایک خط میں کہا تھا کہ وہ کراچی میں فوڈ پانڈا کی جانب سے بار بار کمیشن میں اضافے سمیت دیگر مطالبات کرنے پر اس کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہیں۔
چئیرمین اپرا نے کہا تھا کہ ایسوسی ایشن کے اکثر رکن ریستورانوں کو فوڈ پانڈا کی طرف سے 25 سے 35 فیصد کمیشن ادا کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے جبکہ اس سے قبل 20 فیصد سے بھی کم کمیشن وصول کیا جاتا تھا۔
ریستورانٹس ایسوسی ایشن کے فوڈ پانڈا کے خلاف احتجاج کا فائدہ کریم نے اٹھانے کی ٹھانی اور فوڈ ڈلیوری کے لیے لچکدار اور کم کمیشن کی پیش کش کر دی۔
ذیشان بیگ نے ریستورانٹس انڈسٹری کو کھلا خط لکھ کر کمیشن میں کمی کے علاوہ ازخود ڈلیوری اور اپرا کے رکن ریستورانوں کیلئے خصوصی پیکج جیسی تجاویز پیش کیں۔
کمپنی نے پرافٹ اردو کو اپنے ایک بیان میں بتایا کہ ریستورانٹس انڈسٹری کی معاونت کے لیے کمیشن سٹرکچر میں کمی کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کمیشن میں کمی کی صورت میں ریسٹورنٹ انڈسٹری کی معاونت ہو گی اور یہی کمیشن صارفین کو ڈسکائونٹ دینے پر صرف ہوں گے جبکہ اس عمل سے آرڈرز بھی بڑھیں گے۔
کریم نے 2019ء میں کراچی اور اکتوبر 2020ء میں لاہور میں اپنی فوڈ ڈلیوری سروس کا آغاز کیا تھا تاہم کووڈ-19 نے ریستوران انڈسٹری پر بہت برے اثرات مرتب کیے ہیں۔
کریم کے مطابق “فوڈ مارکیٹ میں نئی سروس ہونے کے ناطے کریم ناصرف ترقی کی خواہوں ہے بلکہ اپنے رکن ریستورانٹس کے مفادات کا تحفظ کرنے کے لیے بھی پُرعزم ہے”۔