جلد لاہور کی سڑکوں پر برقی بسیں چلتی نظر آئیں گی

فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے شہر میں گرین الیکٹرک بسز چلائی جائیں گی، لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کو پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی میں تبدیل کر کے ٹرانسپورٹ انسپیکٹرز، سب انسپیکٹرز اور سارجنٹس بھرتی کیے جائیں گے

717

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے لاہور کی سڑکوں پر برقی بسیں چلانے کے معاہدے کی منظوری دے دی۔

ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں جلد الیکٹرک بسیں متعارف کرانے کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ شہر میں 106 کلومیٹر پر محیط چھ شاہراہوں پر گرین الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کو پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی میں تبدیل کر دیا جائے گا اور محکمے کے لیے ٹرانسپورٹ انسپکٹرز، سب انسپکٹرز اور سارجنٹس بھرتی کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ  کا کہنا تھا کہ الیکٹرک بسیں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت صوبے کے دوسرے شہروں میں بھی متعارف کرائی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیے:

الیکٹرک بسیں چلانے کیلئے چین کے بعد جرمن کمپنی کے ساتھ بھی معاہدہ

اسلام آباد میں الیکٹرک بسیں چلانے کیلئے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور سی ڈی اے کے درمیان معاہدہ

وزیراعلیٰ نے حکام کو اورنج لائن میٹروٹرین کے اسٹیشنز کی صفائی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ وہ مسائل پر سمجھوتا نہیں کریں گے اور میٹرو ٹرین سٹیشنز پر صفائی کا جائزہ لینے کے لیے اچانک دورہ کریں گے۔

واضح رہے کہ ملک میں الیکٹرک بسیں چلانے کے لیے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا تھا کہ رواں سال کے آخر تک ملک میں الیکٹرک بسیں دوڑتی ہوئی دکھائی دیں گی، اس مقصد کے لیے چین اور جرمنی کی الیکٹرک بسوں کی کمپنیوں کے ساتھ پاکستان میں اسمبلنگ پلانٹس لگانے کے معاہدے بھی کیے گئے ہیں، ان معاہدوں سے دونوں کمپنیوں کی جانب سے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان آئے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here