کراچی: سندھ حکومت نے گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے نیا نظام متعارف کروا دیا، روایتی رجسٹریشن بک کے طریقہ کار کو سکیورٹی فیچرڈ ایم وی آر سمارٹ کارڈ سے تبدیل کر دیا گیا ہے۔
وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مکیش کمار چاولہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صوبائی حکومت نے جدید سکیورٹی فیچر پر مبنی سمارٹ کارڈز’ متعارف کرایا ہے، گاڑیوں کے مالکان رجسٹریشن کے ثبوت کے طور پر اب رجسٹریشن بک حاصل کرنے کی بجائے یہ کارڈ حاصل کر سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیے:
پنجاب: گاڑیوں، موٹر سائیکلوں کو جدید سیکورٹی فیچرڈ نمبر پلیٹیں لگائی جائیں گی
سندھ، رجسٹرڈ گاڑیوں کے مالکان کیلئے آن لائن ٹیکس ادائیگی کی سہولت متعارف
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فیچرڈ کارڈز کے ذریعے نہ صرف گاڑیوں کی جعلی رجسٹریشن ختم کی جائے گی بلکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے بآسانی اور بغیر کسی رکاوٹ کے اس کارڈ کی مدد سے گاڑیوں کی ملکیت جان سکیں گے۔
مکیش کمار نے کہا کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے اس سے قبل گاڑیوں کے مالکان کیلئے آن لائن ٹیکس ادائیگی کی سہولت متعارف کرائی تھی، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح شہریوں کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔
رواں سال سندھ اسمبلی نے پراونشل موٹر وہیکلز ترمیمی بل 2020ء کی منظوری دی ہے جس کے ذریعے پرانی رجسٹریشن بک کو سکیورٹی فیچرڈ سمارٹ کارڈ کے ساتھ تبدیل کیا گیا تھا۔
مکیش چاولہ نے ہی مذکورہ بل سندھ اسمبلی میں پیش کیا تھا جس کے ذریعے موٹر وہیکلز آرڈیننس 1965ء میں ترمیم کر کے سکیورٹی فیچرڈ کارڈ کے لیے موجودہ موٹر وہیکل رجسٹریشن لاء متعارف کرایا گیا ہے۔