اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) کے مالیاتی نتائج کا اعلان کر دیا۔
مالیاتی نتائج کے مطابق او جی ڈی سی ایل کو رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 59.528 ارب روپے کی مجموعی آمدن ہوئی جو گزشتہ مالی کی پہلی سہ ماہی کی مجموعی آمدن 66.204 ارب روپے کے مقابلے میں تقریباََ سات ارب روپے کم ہے۔
سرکاری خبررساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق او جی ڈی سی ایل کورونا وائرس وبا اور ہائیڈروکاربن کے قدرتی ذخائر میں کمی کے باوجود پہلی سہ ماہی میں روزانہ کی بنیاد پر 36221 فی بیرل خام تیل، یومیہ 904 ملین مکعب فٹ (ایم ایم سی ایف ڈی) گیس اور یومیہ 714 ٹن ایل پی جی مہیا کرنے میں کامیاب رہی، گزشتہ برس اسی زیرِجائزہ عرصے کے دوران کمپنی نے 37560 بیرل خام تیل، 960 ایم ایم سی ایف ڈی گیس اور 702 ٹی پی ڈی کی ایل پی جی نکالی تھی۔
پہلی سہ ماہی کے دوران او جی ڈی سی ایل نے ملک کی قدرتی گیس، تیل اور ایل پی جی کی پیداوار میں بالترتیب 47 فیصد، 29 فیصد اور 36 فیصد کے قریب حصہ ڈالا تھا۔
یہ بھی پڑھیے:
تیل و گیس دریافت کرنے کے شعبہ میں ایف ڈی آئی میں 68 فیصد اضافہ
تیل و گیس کے پیداواری شعبہ میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 36.65 فیصد اضافہ
او جی ڈی سی نے دو نئے مقامات پر ڈرلنگ کے ذریعے 65233 بیرل خام تیل اور 368 ایم ایم سی ایف گیس دریافت کرکے ملکی توانائی کے شعبے میں اپنا حصہ ڈالا، اس کے علاوہ 27 سے زائد مقامات پر قدرتی گیس کے ذخائر پر کام کر کے تیل اور گیس کی پیداوار کو برقرار رکھنے کے لیے کوشش کر رہی ہے۔
تاہم مالیاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تیل اور گیس آؤٹ پٹ پر داخنی، کال، پاسخی اور ٹنڈوعالم کے مقامات پر کنوؤں کی عدم بحالی اور جزوی بحالی قدرتی گیس کے ذخائر پر اثرانداز ہوئی۔
جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران کمپنی نے جونا-1 شین دند-1، ننگپیر-1 اور قادرپور-62 کے کنوؤں پر گیس کی تلاش کیلئے کھدائی کی، اس کے علاوہ گزشتہ مالی سال کے دوران رہ جانے والے سات کنوؤں کی ڈرلنگ اور ٹیسٹنگ بھی مکمل کی، کمپنی نے مجموعی طور پر 17620 میٹر کے قریب ڈرلنگ کی۔