بیرونی سرمایہ کاروں نے اکتوبر میں کتنے کروڑ ڈالر پاکستانی مارکیٹ سے نکالے؟

651

لاہور: غیر ملکی سرمایہ کاروں نے اکتوبر میں پاکستان کی سرمائے کی مارکیٹ سے 268 ملین ڈالر نکال لیے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے مطابق اکتوبر میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے 12.53 ملین ڈالر سرمایہ کاری کی لیکن اس کے برعکس شارٹ ٹرم پیپرز (ٹی بلز) کی مد میں 268 ملین ڈالر مارکیٹ سے نکال لیے یعنی مجموعی طور ملکی مارکیٹ سے 256.34 ملین ڈالر کا انخلاء ہوا۔

میٹس گلوبل کی رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2020ء کے دوران ٹی بلز کے برعکس لانگ ٹرم انسٹرومنٹس (پی آئی بیز) کا زیادہ انخلاء نہیں ہوا بلکہ اس مد میں 12.69 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری آئی۔

یہ بھی پڑھیے:

پی آئی بی اور ٹی بلز کی نیلامی سے سٹیٹ بنک کو 634.8 ارب روپے موصول

پاکستان میں ناروے کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی شرح میں 247.06 فیصد اضافہ

اس سے معلوم ہوتا ہے کہ اکتوبر2020ء میں ٹی بلز اور پی آئی بیز میں مجموعی طور پر 25.2 ملین ڈالر کی غیرملکی سرمایہ کاری پاکستان آئی جبکہ 268.9 ملین ڈالر کا انخلاء ریکارڈ کیا گیا۔

زیر جائزہ عرصے کے دوران حکومت کی سکیورٹیز میں مجموعی طورپر 243.66 ملین ڈالر کا انخلاء ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ ماہ حکومتی سکیورٹیز میں مجموعی طور پر 3.12 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری آئی تھی۔

ایکویٹی کے اعتبار سے پاکستان سٹاک ایکسیچنج میں اکتوبر کے دوران 41.5 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے مقابلے میں 88.37 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا انخلاء ہوا، اکتوبر میں مجموعی طور پر (ٹی بلز، پی آئی بیز اور ایکویٹی) میں نکالے گئے فنڈز کی مالیت 290.54 ملین ڈالر بنتی ہے۔

اس عرصے کے دوران حکومتی سکیورٹیز (ٹی بلز) میں سے برطانیہ اور بحرین کے سرمایہ کاروں نے بڑے پیمانے پر پاکستان سے ہاٹ منی نکالی، برطانیہ کے سرمایہ کاروں نے 260.68 ملین ڈالر جبکہ بحرین کے سرمایہ کاروں نے 5 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان سے نکالی۔

مجموعی طور پر مالی سال کے چوتھے ماہ کے دوران ٹی بلز میں 126.75 ملین ڈالر کی مجموعی ہاٹ منی پاکستان آئی۔

جولائی سے اکتوبر 2020 کے دوران پی آئی بیز کے حوالے سے 22.86 ملین ڈالر کی مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری آئی جس میں کسی بھی قسم کا انخلاء ریکارڈ نہیں کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here