’وزیراعظم کی جانب سے گلگت بلتستان کے لیے بڑا معاشی پیکج متوقع‘

وزیراعظم کا دورہ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں متوقع، علاقے کے لیے بڑے ترقیاتی و معاشی منصوبہ جات کے اعلان کے علاوہ میڈیکل اور انجینئرنگ کالجوں کے افتتاح کا بھی امکان ہے : راجہ جلال حسین

574

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی جانب سے آئندہ ماہ  گلگت بلتستان کے دورے کے موقع پر علاقے کے لیے معاشی پیکج کے اعلان کا امکان ہے۔

یہ بات گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین نے گزشتہ ہفتے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد بتائی ہے۔

گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین

انکا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کا دورہ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے جس میں وہ گلگت بلتستان کے لیے ترقیاتی منصوبوں کے اعلان کے علاوہ علاقے میں انجینئرنگ اور میڈیکل کالجز کا افتتاح بھی کریں گے۔

مزید برآں وزیراعظم علاقے کے لیے اصلاحاتی ایجنڈے اور اسے عبوری صوبے کا درجہ دینے کے حوالے سے بھی گلگت بلتستان کے عوام کو اعتماد میں لیں گے۔

یہ بھی پڑھیے : گلگت بلتستان کے عوام کیلئے اچھی خبر، فورجی سروس جلد شروع ہو گی

پرافٹ اردو کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان اپنے دورے کے دوران گلگت بلتستان کونسل کے اجلاس کی صدرات بھی کریں گے۔

اس کونسل کی چئیرمین شپ وزیراعظم کے پاس ہے مگر دو سال سے اس کا ایک بھی اجلاس  نہیں ہو سکا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ گلگلت بلتستان میں ہونے والے آئندہ انتخابات میں فتح کی خواہش مند پاکستان تحریک انصاف علاقے میں سیاحت کے فروغ کے لیے 70 ریسٹ ہاؤسز کے قیام کا اعلان کر سکتی ہے۔

مزید برآں اس پیکج میں سیاحتی مقامات پر ہٹس اور گیسٹ ہاؤسز کے قیام کے لیے عوام کو بھی سستے اور آسان قرضہ جات دینے کا اعلان متوقع ہے۔

علاقے تک سارا سال زمینی راستے سے رسائی یقینی بنانے کے لیے بابو سر ٹاپ پر سرنگ کی تعمیر کا اعلان بھی کیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: منی لانڈرنگ روکنے کیلئے وزیراعظم عمران خان کی عالمی برادری کو 9 تجاویز

اس سے پہلے پرافٹ اردو سے گفتگو میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کہا کہ حکومت نے گلگت بلتستان کی 70 سالہ محرومیوں کے ازالے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئینی حقوق اور صوبائی انتظامات کی فراہمی کے ساتھ علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے بھی اہم اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک کے تحت علاقے میں سپیشل اکنامک زون پر جلد کام شروع ہوجائے گا، گلگت بلتستان کے عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومت علاقے کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں ایم آر آئی اور سی ٹی سکین مشینیں مہیا کرے گی جبکہ بنیادی صحت کے مراکز کو الٹراساؤنڈ مشینیں دی جائیں گی۔

واضح رہے کہ گلگت بلتستان میں انتخابات 18 اگست کو منعقد ہونے تھے جو کورونا وباء کی وجہ سے مؤخر ہو گئے،  صوبے کی اسمبلی کی مدت  24 جون کو پوری ہو چکی ہے جس کے نتیجے میں مسلم لیگ ن کی پانچ سالہ حکومت ختم ہو گئی ہے اور اب وہاں نگران سیٹ اپ کام کر رہا ہے ۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here