گلگت بلتستان کے عوام کیلئے اچھی خبر، فورجی سروس جلد شروع ہو گی

گلگت بلتستان میں آئی ٹی پارک کی تعمیر کا 98 فیصد کام مکمل، ٹوجی ٹاورز کو تیزی سے فورجی میں تبدیل کیا جا رہا ہے: سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کی بریفنگ

117

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے گلگت بلتستان میں آئندہ تین ماہ کے دوران فور جی موبائل فون سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔

اعلیٰ سطحی اجلاس میں سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں جاری منصوبوں کے بارے میں وفاقی وزیر آئی ٹی کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر سیکریٹری وزارت آئی ٹی شعیب احمد صدیقی اور ڈائریکٹر جنرل اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) میجر جنرل علی فرحان بھی موجود تھے۔

سپیشل کمیونیکشن آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل علی فرحان نے وفاقی وزیر کو گلگت اور مظفر آباد میں آئی ٹی پارکس پراجیکٹس کے بارے میں بتایا کہ گلگت میں آئی ٹی پارک تکمیل کے مراحل میں ہے۔ 2 جی ٹاورز کو تیزی سے 4 جی میں تبدیل کر رہے ہیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے آئی ٹی سید امین الحق نے ہدایت جاری کی کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں آئندہ 3 ماہ میں 4 جی نیٹ ورکنگ کی سہولت کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

انہوں کہا کہ گلگت میں آئی ٹی پارک اور انکیوبیشن سینٹرز کا قیام سہولیات کی فراہمی میں اہم قدم ہو گا۔ منصوبوں کی تکمیل میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔ آزاد کشمیر میں آئی ٹی پارک کیلئے زمین کیلئے وزیر اعظم آزاد کشمیر سے بات کی جائے گی۔

سید امین الحق نے کہا کہ وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کے تحت تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل ضروری ہے۔ تیز ترین انٹرنیٹ اور بلاخلل موبائل رابطے علاقے کے عوام کا حق ہیں۔

سید امین الحق نے کہا کہ سول و ملٹری تعاون سے دشوارگزار علاقوں میں ٹیلی کمیونیکشن کے مسائل کا حل خوش آئند ہے، آئی ٹی منصوبوں کی تکمیل میں پاک فوج کا کردار و تعاون قابل ستائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام آئندہ چند ہفتوں میں آئی ٹی پارکس کے افتتاح کی خوشخبری سنیں گے، علاقے کے طلباء اور کاروباری حضرات کو ڈیجیٹل ورلڈ سے منسلک کردیا جائے گا۔ حکومت پسماندہ و دور دراز علاقوں میں سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔

اس سے پہلے وفاقی وزیر برائے آئی ٹی کو بتایا گیا کہ گلگت میں آئی ٹی پارک پر 98 فی صد کام مکمل ہو گیا ہے اور گلگت میں انکیوبیشن سنٹر بھی اس سال کے آخر میں مکمل ہو جائے گا۔ اجلاس میں وزارت آئی ٹی کے سینئر افسران بھی موجودہ تھے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here