نارتھ کراچی کی صنعتوں کو پانی کی عدم فراہمی، پیداواری سرگرمیاں بندش کا شکار

 طلب کے مطابق پانی نہ دیا گیا تو صنعتوں کو خطیر نقصانات کا سامنا کرنا پڑے گا، عمران معیز خان

1016

کراچی: نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری ( نکاٹی) کے قائمقام صدر عمران معیز خان نے صنعتوں کو پانی کی عدم دستیابی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ایم ڈی واٹر بورڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ پیداواری سرگرمیاں بلا رکاوٹ جاری رکھنے کے لیے صنعتوں کو طلب کے مطابق پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اگر طلب کے مطابق پانی کی فراہمی نہ کی گئی تو برآمدی آرڈرز کی بروقت تکمیل خطرے میں پڑ جائے گی جس سے ملکی برآمدات متاثر ہوں گی۔

عمران معیز خان نے ایک بیان میں کہا کہ صنعتی پیداواری سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے پانی بنیادی خام مال کی اہمیت رکھتا ہے خاص طور پر ٹیکسٹائل، ٹاولز، ڈائنگ، بلیچنگ، سٹیچنگ و دیگر صنعتی یونٹس کو طلب کے مطابق پانی فراہم نہ ہونے سے پیداواری عمل رکاوٹ کا شکار ہو رہا ہے لہٰذا اگر ان صنعتوں کو فوری طور پر وافر مقدار میں پانی کی فراہمی بحال نہ کی گئی تو صنعتکاروں کو خطیر پیداواری نقصانات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

نکاٹی کے قائمقام صدر نے سوال اٹھایا کہ حالیہ موسلا دھار بارشوں کے بعد ڈیمز پانی سے بھر گئے ہیں اور حب ڈیم سمیت دیگر ڈیمز میں پانی اپنی بلند سطح پر ریکارڈ کیا گیا ہے اس کے باوجود کراچی کی صنعتوں کو پانی نہ دینا انتہائی تشویشناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ بارشوں سے پہلے جب پانی کی قلت تھی تو صنعتکاروں نے حکومت کا ساتھ دیتے ہوئے اپنی مدد آپ کے تحت پانی کا بندوبست کیا اور نجی ٹینکرز کے ذریعے پانی حاصل کرکے پیداواری عمل جاری رکھا حالانکہ ٹینکرز سے پانی لینے سے پیداواری لاگت میں اضافہ ہوا مگر صنعتکار برادری نے ملک کے بہتر ترین معاشی مفاد میں مالی نقصانات برداشت کیے۔

عمران معیز خان نے مزید کہا کہ جب تک صنعتوں کو بنیادی سہولتیں فراہم نہیں کی جاتیں تب تک کورونا کی تباہ کاریوں سے نمٹنا ممکن نہیں۔ حکومت کو چاہیئے کہ وہ صنعتوں کو اولین ترجیح پر پانی، بجلی و گیس کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کرے تاکہ صنعتی پہیہ بلا رکاوٹ چل سکے اور صنعتوں کو فروغ حاصل ہو جس سے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ ملکی برآمدات میں بھی اضافہ ہو گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here