اسلام آباد: پاکستان میں سونے کے ذخائر میں مالی سال 2018-19ء کے دوران 20 فیصد اضافہ ہوا۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے ”2020ء میں ایشیا و بحر الکاہل کے خطہ کے اہم اشاریے“ کے عنوان سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2018-19ء میں پاکستان کے پاس 3.04 ارب ڈالرمالیت کے سونے کے ذخائر موجود تھے جبکہ مالی سال 2017-18ء میں ان ذخائر کی مالیت 2.534 ارب ڈالر تھی یوں گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان کے سونے کے ذخائرمیں 20 فیصد اضافہ ہوا۔
اس رپورٹ میں سال 2000ء سے لیکر 2019ء تک ایشیا کے 49 ممالک کے اقتصادی، مالیاتی، سماجی اور ماحولیاتی اشاریوں بشمول پائیدارترقی کے اہداف کا تفصیل سے احاطہ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سنہ 2000ء میں دنیا کی مجموعی پیداوار میں ایشیائی ممالک کا حصہ 26.3 فیصد تھا جو سال 2019ء میں بڑھ کر34.9 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایشیا و بحر الکاہل کے خطہ کے ممالک نے 19 برسوں میں نمایاں پیش رفت کی ہے اور ان ممالک میں کروڑوں لوگوں کو کامیابی کے ساتھ غربت سے نکالا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2019ء میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کرنے والے ممالک میں خطہ کے ممالک کا حصہ ایک تہائی تھا جبکہ عالمی برآمدات میں یہ حصہ 36.5 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔