پشاور: مالی سال 2020-2021 کے بجٹ کے مطابق کاروباروں کو ٹیکس چھوٹ فراہم کرنے اور اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سےخیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی (کے پی آر اے) نے 29 سروسز کے سیلز ٹیکس کی شرح کو کم کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق “صوبائی حکومت کی جانب سے ٹیکس چھوٹ کے پیش کردہ پیکیج میں 10 مختلف شعبوں کی ٹیکس چھوٹ 15 فیصد سے کم کرکے 2 فیصد کر دی گئی ہے”۔ “اسی طرح، پانچ دوسرے شعبوں کا سیلز ٹیکس 15 فیصد سے کم کر کے 5 فیصد کر دیا گیا ہے جبکہ مزید چھ شعبوں سے یہ سیلز ٹیکس 15 فیصد سے کم کرکے 8 سے 10 فیصد کیا گیا ہے”۔
وہ شعبے جن کو اس ‘ٹیکس ریلیف پیکیج’ سے فائدہ ہو گا ان میں تعمیرات اور اس سے ملحقہ سروسز، ہوٹلز اور ریستورانٹس، ورکشاپس، بزنس سپورٹ سروسز، لیبارٹریاں، کارکن اور افرادی قوت فراہم کرنے والی سروسز اور بیوٹی پارلرز شامل ہیں۔
نوٹی فکیشن کے مطابق، تعمیراتی سروسز پر سیلز ٹیکس جو اس سے قبل 15 فیصد چارج کیا جارہا تھا، اب مذکورہ پیکیج کے تحت 2 فیصد تک کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح، ہوٹلز اور ریسٹورانٹس، مقامی سطح کے گیسٹ ہاؤسز اور لاجزکی جانب سے فراہم کردہ سروسز پر سیلز ٹیکس15 فیصد سے کم کر کے 8 فیصد کر دیا گیا ہے۔ ریسٹوانٹ انوائس مینجمنٹ سسٹم (آر آئی ایم ایس) رکھنے والے ہوٹلوں اور ریسٹورانٹس کے لیے بھی سیلز ٹیکس 5 فیصد تک کر دیا گیا ہے۔
کے پی آر اے کے ڈائریکٹر جنرل فیاض علی شاہ نے کہا کہ “اس پیکیج کا مقصد کاروباری برادری کو ریلیف فراہم کرنا، صوبے میں کاروبار میں آسانی، ٹیکس ادائیگی کی حوصلہ افزائی اور ٹیکس اداکرنے کے کلچر کو فروغ دینا ہے”۔ ٹیکس ادائیگی سے لوگوں کے سماجی و معاشی سطح کو بہتر بنانے کے لیے حکومت کو مالی وسائل استعمال کرنے میں مدد ملے گی”۔
نوٹی فکیشن کے مطابق، افرادی قوت اور ورکرز فراہم کرنے والی سروسز، بزنس سپورٹ، لیبارٹری اور ٹیسٹنگ اور کنٹریکٹ پر عملدرآمد فراہم کرنے والی سروسز کے لیے سیلز ٹیکس 15 فیصد سے کم کر کے 5 فیصد کیا جائے گا۔
ائیرپورٹس، ڈرائی پورٹس، کنٹینر سروسز فراہم کرنے والے ٹرمینلز، ذخائر یا گوداموں کی سروسز فراہم کرنے والوں کے لیے سیلز ٹیکس 15 فیصد سے کم کر کے 10 فیصد کیا جائے گا۔
ورکشاپس کے لیے سیلز ٹیکس کی شرح 5 فیصد سے کم کرکے 2 فیصد جبکہ انڈسٹریل ورکشاپس کے سیلز ٹیکس کو 10 فیصد سے 5 فیصد کیا گیا ہے۔
بیوٹی پارلر سروسز سے سیلز ٹیکس کو 8 فیصد سے کم کر کے 5 فیصد تک لایا گیا ہے اور درمیانی سطح کی لانڈری سروسز پر سیلز ٹیکس 8 فیصد کی بجائے 2 فیصد کر دیا گیا ہے۔
کیپیٹل گڈز، ڈیلرشپ سروسز، ایکوپمنٹ رینٹ سروسز، ریلوے کارگو سروسز، انڈررائٹر سروسز، نیلامی کی سروسز اور دیگر سروسز سے سیلز ٹیکس 15 فیصد کی بجائے 2 فیصد کیا گیا ہے۔
پراپرٹی ڈیلرز، بارگین سینٹرز، کار واش، ڈیجیٹل یا آئی ٹی فورمز، کال سینٹرز دیگر سائن میٹوگرافی سروسز سے بھی سیلز ٹیکس 5 فیصد کی بجائے 2 فیصد کیا گیا ہے۔